گلگت بلتستان کے ضلع دیامر میں تانگیر کے علاقے میں سیکیورٹی فورسز کے سر چ آپریشن میں ایک دہشت گرد ہلاک ہوگیا، جبکہ شرپسندوں کی فائرنگ سے ایک اہلکار شہید اور ایک زخمی ہوگیا۔

دیامر میں جمعے کو 14 گرلز اسکولوں میں توڑ پھوڑ اور املاک کو جلانے میں ملوث ملزمان کی گرفتاری کے لئے پولیس اور سیکیورٹی اداروں کا متاثرہ علاقوں میں ٹارگٹڈ سرچ آپریشن جاری ہے۔

ترجمان گلگت بلتستان حکومت فیض اللہ فراق کےمطابق تانگیرمیں سرچ آپریشن کےدوران شرپسندوں کی فائرنگ سےایک پولیس اہلکارشہید اور ایک زخمی ہوگیا۔

ایس پی دیامر رائے محمد اجمل کا کہنا ہےکہ اسکولوں میں توڑ پھوڑ کے الزام میں دیامر کے 6مختلف تھانوں میں نامعلوم افراد کیخلاف مقدمات درج کئے گئے ہیں اور 17 مشتبہ افراد زیر حراست ہیں۔

آئی جی گلگت بلتستان ثناء اللہ عباسی کا کہنا ہے کہ چلاس، داریل اور تانگیر میں ملزمان کی گرفتاری تک آپریشن جاری رہے گا۔

ترجمان وزیراعلیٰگلگت نے چیف سیکریٹری کو 15 دن میں اسکولوں کو فعال کرنے کی ہدایت کردی ہے جس کے بعد آئندہ چند روز میں اسکولوں کی بحالی کا کام شروع ہوجائے گا۔

SHARE

LEAVE A REPLY