ہاں تو ہم ذکر کر رہے تھے -کہ ٹی وی کے آنے سے زندگی گلزار ہوگئ -اور اس میں مسرتوں کے رنگ بکھر گئے- -سردیوں کی اداس طویل شامیں اب طویل اوراداسی نہ رہیں -معمولات زندگی تبدیل ہو کر رہ گئے -نشریات سے پہلے پہلے گھر کے سارے کام نمٹا لئے جاتے -تاکہ مکمل فراغت کے ساتھ اطمینان سے پروگرام دیکھے جا سکیں -کراچی اور لاہور کے مراکز ایک دوسرے سے بڑھ چڑھ کر پروگرام پیش کرتے –
کراچی سٹیشن سے معین الدین کا لکھا ہواڈرامە “تعلیم بالغاں “کیا ہی بہترین ڈرامہ تھا -ان ہی کالکھا ہوا ڈرامہ “مرزا غالب بندر روڈ پر بھی دیکھنے سے تعلق رکھتا تھا -قومی دنوں پر بطور خاص مقصدیت لئے ہوے ڈرامے پیش کئے جاتے -تاریخی ڈرامے بھی بہترین ہوا کرتے -طنز ومزاح “اور بچوں کے لئے طرح طرح کے پروگرام پیش کئے جاتے -زہنی آزمائش کے پروگرام کسوٹی کے بعد شیشے کاگھر پیش کیا گیا -خواتین کے لئے خوش بخت شجاعت مینا بازار سجاتیں -ہاں ضیا محی الدین کا پروگرام “اس کا ذکر کرنا تو بھول ہی گئ. خوش بخت شجاعت پہلی دفعہ اس شو میں آئیں. اور اپنی برجستگی اورحاضر جوابی سے شو لوٹ کر لے گئیں -اس شو کے آخر میں
ضیا محی الدین یہ کہہ کر کہ دینا زرا ٹھیکہ اور پھر موسیقی کے مدھر سروں پر نظمیں سناتے –

آور ہاں فاطمہ ثریا بجیا نے اے آر خاتون کےضخیم ناولوں کی ڈرامائی تشکیل کی-ان میں “”-شمع “بہت مقبول ہوا -اس کے علاوہ شہ زوری جس کی ہیروئین نیلوفر عباسی تھیں -بعد میں” انکل عرفی “حسینہ معین کے لکھے اس
ڈرامے نے بھی خوب دھوم مچائی -عرش منیر کے غرارے اور بے ساختہ انداز، حسنات احمد کا مزاحیہ انداز اور کتنے ہی خوبصورت چہرے نظروں کے سامنے آگئے -گو اکثر کے نام اس وقت زہن سے محو ہوگئےہیں -لوگ اکثر پی ٹی وی کے سنہرے دور کا ذکر کرتے ہوے تنہائیاں ” کا ذکر کرتے ہیں -تنہایاں ‘ان کہی”یہ ڈرامے تو بہت بعد کے ہیں -کراچی اور لاہور مرکز کے درمیان ایک صحت مند مسابقت رہتی ۔لاہور سےمنو بھای کی ایک طویل سیریل نے دھوم مچای ۔شعیب ہاشمی، سلیمہ ہاشمی، کا “سچ گپ “بھی میعاری طنز و مزاح کا پروگرام تھا ۔
غزلوں اور موسیقی کے میعاری پروگرام ہواکرتے-پکےراگ رات گئے پیش کئے جاتے ۔اسلام آباد سے غالبا “
قربتیں اورفاصلے ڈرامہ تھا ۔جس میں ساحرہ کاظمی اور راحت کاظمی کی اداکاری کے کیا کہنے ۔ساحرہ کے لمبے بال اور ایک خاص دلربا انداز گرویدہ کئے رکھتا ۔
ایک اہم بات یہ ہے کہ بچوں کے اچھے پروگرام پیش کئے جاتے ۔جن میں کوئز شو، سکولوں اور کالجوں کے درمیان زہنی آزمائش کے مقابلے،
سائنسی پروگرام، سٹیج شو، موسیقی کے پروگرام شامل تھے ۔
ہدایت کارنثار حسین، ،یاور حیات آغا ناصر وقار عظیم،شہنشاہ نواب اور بےشمار نام جواپنے فن اور کام کے
ماہر تھے ۔پھر رفتہ رفتہ ٹی وی رنگین ہوا-مگر رنگینی جاتی رہی ۔

یہ تو تھا ٹی،وی کاتذکرہ- اور اس کے ساتھ ساتھ پانچویں سے لے کر دسویں تک سیاسی اتار چڑھاؤ دیکھے ۔
صدر ایوب اور مادرملت فاطمہ جناح کا الیکشن، بی ڈی ممبران کا چناو، اور صدر ایوب کا صدر بن جانا ۔جھرلو پھرنے کا الزام پہلی بار سنا ۔
پھر 65کی جنگ اور اس کی ہولناکی بہت قریب سے دیکھی ۔کہ کوہاٹ میں ہمارے گھر کے قریب ہی بم پھٹے ۔سائرن بجنے، بلیک آوٹ اور طیاروں کی آواز اوریاد آج بھی خوف کی لہر دوڑا دیتی ہے ۔
پھر تاشقند کا معاہدہ، اور بھارت کے پردھان منتری شاستری کا حرکت قلب بند ہوجانے سے انتقال، اس کے بعد وزیر خارجہ ذوالفقار علی بھٹو کا استعفی اور سیاست میں آنے کا اعلان ،اورپیپلزپارٹی کا قیام، ۔پھر ائر مارشل اصغر خان کا سیاست میں آنا. اخبارات سنسنی خیز خبروں سے بھرے ہوتے -بھٹو اس کی پارٹی اور ان کے روٹی کپڑا مکان کا نعرہ مقبول ہورہا تھا -یادش بخیر ہم آٹھویں میں تھے -کہ صدر ایوب خان نے اپنے دس سالہ دور اقتدار کا جشن منایا -سکول میں دس دن طرح طرح کی تقریبات اور ورائٹی شو پیش کئے گئے-
جانے کیا بات ہے. کہ جب بھی کوئی حکمران اپنی کامیابیوں کا جشن مناتا ہے -تو تخت کھسک جاتا ہے-یا یوں کہیں کہ پیروں تلے سے زمین کھینچ لی جاتی ہے- -شاہ ایران نے بھی ڈھائی ہزار سالہ شہنشاہیت کا جشن منایا -کہ نہ شہنشاہیت رہی نہ تخت بلکہ
دوگز زمین بھی نہ ملی کوے یار میں
68 میں صدر ایوب کے دور اقتدار میں ہونے والی ترقی کا جشن منایا گیا -اوراس کے بعد عوام سڑکوں پر نکل آے -حالات دن بدن خراب ہوتے چلے گئے -یہاں تک کہ ایک شام ریڈیو پر خبر سنی -کہ خرابی صحت کی بنا پر صدرایوب خان نے اقتدار یحیی’خان کو سونپ دیآ-اصولا”اقتدار قومی اسمبلی کے سپیکر کو دیتے. مگر’انہوں نے جنرل یحیی’خان کو اقتدار سونپا -اسمبلیاں توڑ دی گئیں -جمہوریت کی بساط لپیٹ دی گئ -اور ملک میں ایک نیا مارشل لا لگ گیا -ون یونٹ توڑ کر صوبے بحال کر دیے گئے -ہم دسویں جماعت میں تھے -کہ جنرل یحیی’خان نے الیکشن کرواے -یہ انتخابات بھی بڑے یادگار رہے -افتخار گیلانی انکل کے دوست تھے -وہ انتخاب لڑ رہے تھے -میری دوست شاہینہ اور ان کی بہن صفیہ ان کی پولنگ ایجنٹ بنی اور میں بھی-
رات کو نتائج کے لئے جو شہر سجا اور جو نوک جھونک کمپئرزشعیب ہاشمی، قریش پور، عبیداللہ علیم (وغیرہ وغیرہ ) کےدرمیان رہی -وہ بڑی یادگار اورشاندارتھی کیونکہ نتائج بہت دیر سے آتے (آج کل کی طرح برق رفتاری تونہ تھی )-اور نتائج آے تو بڑے بڑے برج الٹ گئے -مغربی پاکستان میں پیپلزپارٹی اور مشرقی پاکستان میں شیخ مجیب الرحمٰن نے واضح اکثریت حاصل کرلی -مگر اس کے چھ نکات پر تحفظات تھے -الیکشن تو ہوگئے -مگر انتقال اقتدار مشکل تر ہوتا چلا گیا –
میں اکثر سوچتی ہوں -کہ پانچویں کلاس سے دسویں تک پہنچتے پہنچتے ہم نے بی ڈی الیکشن اور ایوب کو صدر بنتے دیکھا -پھر 65 کی جنگ اور اس کی ہولناکی کو بہت قریب سے دیکھا -جشن منایا -پھر ایک اور مارشل لا دیکھا -70 کے آزادانہ انتخابات دیکھے –
یہ سارا کچھ جو میں یادوں کی پوٹلی سے نکال کر لکھتی چلی جارہی ہوں -اس کی وجہ روزانہ 3/4اخبا رات کا مطالعہ کرنا اور پھر اپنی دوست روشی کے ساتھ بحث مباحثہ کرنا جو پکی پکی غفار خان کی پیروکار اور مسلم لیگ کی مخالف تھی -تو یہ تو تھے ملکی وسیاسی حالات
دسویں کا سال پڑھائی کے لحاظ سےبھی بہت اہم تھا -دوستوں کا ساتھ، محبتیں، تعریفیں اور بے فکری ولاپرواہی کے شب و روز، زندگی کی الجھنوں سے بے نیاز خود میں اور کتابوں میں مگن ومحو، کہ ایسے میں ٹہرے پرسکون پانی کی سطح پر ایک بات کے پتھر نے گر کر ارتعاش پیدا کردیا –
جاری
نصرت نسیم













