پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنماؤں نے پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے کو مسترد کر دیا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کیے گئے بیان میں سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کا کہنا ہے کہ امپورٹڈ حکومت نے معیشت کا بیڑا غرق کرنے کے بعد پیٹرول قیمتوں میں بڑا اضافہ کر دیا ہے۔

اسد قیصر نے کہا کہ پیٹرول کی قیمت میں اضافہ عوام کے ساتھ کھلے عام دشمنی کا ثبوت ہے۔

انہوں نے کہا کہ عوام پہلے ہی مہنگائی کی چکی میں پسے ہوئے ہیں، ان کو دو وقت کی روٹی کا حصول مشکل ہو گیا ہے۔

اسد قیصر کا کہنا ہے کہ ایسے حالات میں پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے کو مسترد کرتے ہیں۔

دوسری جانب ‏پی ٹی آئی رہنما حماد اظہر نے بھی ٹوئٹر پر جاری کیے گئے بیان میں کہا ہے کہ پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ عالمی منڈی کی وجہ سے نہیں ہوا۔

انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم نے معیشت تباہ کر دی جس کی وجہ سے روپے کی ڈالر کے مقابلے میں قدر انتہائی کم ہو گئی۔

حماد اظہر کا کہنا ہے کہ تیل سمیت تمام امپورٹڈ اشیاء اب بہت زیادہ مہنگی ہو جائیں گی، یہ سب رجیم چینج کی بدولت ہوا۔

ایڈیشنل سیکریٹری اطلاعات تحریک انصاف حسان خاور کا کہنا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ تحفوں کی پہلی قسط ہے، ابھی مزید اقساط آنا باقی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ابھی بجلی اور گیس کی قیمت میں اضافے کا تحفہ بھی ملنا ہے، 300 ارب کے نئے ٹیکسز بھی لگنے ہیں۔

لاہور میں زمان پارک کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے تحریک انصاف کی رہنما یاسمین راشد نے کہا کہ کل بی بی انگلینڈ سے تشریف لے کر آئیں، انہوں نے فرمایا آپ ڈار صاحب پر اعتماد کریں وہ حالات بہتر کر دیں گے۔

SHARE

LEAVE A REPLY