حوثی باغیوں کا میزائل مکہ کے قریب مار گرایا گیا

0
1308

سعودی اتحاد کا کہنا ہے کہ یمنی باغیوں کی جانب سے طویل فاصلے تک مار کرنے والے ایک بیلسٹک میزائل کو مکہ کے قریب مار گرایا گیا۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق سعودی اتحاد کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا، ‘حوثی باغیوں نے جمعرات 27 اکتوبر کی شام یمن کے صوبہ سادا سے ‘مکہ کی طرف’ ایک میزائل فائر کیا۔’

مزید کہا گیا کہ ‘دفاعی کارروائی میں حوثی باغیوں کے میزائل کو مکہ سے 65 کلومیٹر (40 میل) دور بغیر کسی نقصان کے مار گرایا گیا’۔

دوسری جانب حوثی باغیوں کی ویب سائٹ صبا نیوز پر بتایا گیا کہ ان کی جانب سے مکہ کے مغرب میں واقع کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی طرف میزائل داغا گیا۔

واضح رہے کہ مکہ مکرمہ یمن کی سرحد سے 500 کلومیٹر (300 میل سے زائد) سے زائد فاصلے پر واقع ہے۔

سعودی عرب نے باغیوں کی جانب سے فائر کیے جانے والے میزائلوں کو روکنے کے لیے پیٹریوٹ میزائل نصب کر رکھے ہیں۔

رواں ماہ میں یہ دوسری مرتبہ ہے جب یمنی باغیوں کی جانب سے طویل فاصلے تک مار کرنے والا میزائل داغا گیا۔

اس سے قبل 9 اکتوبر کو بھی سعودی اتحاد کی جانب سے کہا گیا تھا کہ انھوں نے حوثی باغیوں کی جانب سے فائر کیے گئے میزائل کو طائف کے قریب مار گرایا تھا۔

حوثی باغیوں کی جانب سے سعودی عرب پر ایک ایسے وقت میں میزائل داغا گیا جب 9 اکتوبر کو یمن کے دارالحکومت صنعاء میں ’سعودی اتحاد‘ کی جنازہ ہال میں کی گئی فضائی بمباری کے نتیجے میں 140 سے زائد افراد ہلاک اور 500 سے زائد زخمی ہوگئے تھے۔

بمباری کا نشانہ بننے والے ہال میں حوثیوں کے ممتاز مقامی عہدیدار کے والد کے جنازے کے لیے سیکڑوں افراد موجود تھے اور باغیوں نے اس حملے کا الزام عرب اتحاد پر لگایا۔

باغیوں کے زیر کنٹرول المراعش ٹی وی کی رپورٹ میں کہا گیا کہ ہلاک ہونے والوں میں صنعاء کے میئر عبد القادر ہلال بھی شامل تھے۔

واضح رہے کہ حوثی باغی یمن میں حکومت کے خلاف سرگرم عمل ہیں، دوسری جانب سعودی عرب اتحادی فورسز کے ساتھ مل کر یمنی صدر منصور ہادی کی مدد کر رہا ہے اور اس کی جانب سے اکثر وبیشتر حوثی باغیوں کو نشانہ بنایا جاتا رہتا ہے۔

سعودی عرب کی سربراہی میں عرب اتحاد نے مارچ 2015 میں ایران کے حمایت یافتہ حوثی باغیوں کے خلاف فضائی کارروائی کا آغاز کیا تھا۔

SHARE

LEAVE A REPLY