اسحاق ڈار کے دائمی وارنٹِ گرفتاری معطل کرنے کا تحریری حکم نامہ جاری

0
751

اسلام آباد کی احتساب عدالت نے مسلم لیگ ن کے رہنما، سابق وزیرِ خزانہ اسحاق ڈار کے دائمی وارنٹِ گرفتاری معطل کرنے کا تحریری حکم نامہ جاری کر دیا۔

احتساب عدالت کی جانب سے جاری کردہ تحریری حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ قابل ذکر ہے کہ نیب نے اسحاق ڈار کی درخواست پر کوئی اعتراض نہیں کیا، ان کی درخواست کے مطابق وہ بیماری اور پاسپورٹ منسوخی کے باعث پاکستان نہیں آ سکے۔

تحریری حکم نامے میں کہا گیا کہ وارنٹِ گرفتاری جاری کرنے کا مقصد ملزم کی عدالت حاضری یقینی بنانا تھا، اگر ملزم خود عدالت میں پیش ہونا چاہتا ہے تو ایک موقع دیا جانا ضروری ہے۔حکم نامے میں یہ بھی کہا گیا کہ اسحاق ڈار کو 7 اکتوبر تک موقع دیتے ہیں کہ وطن واپس آ کر عدالت میں پیش ہوں، جب تک ان کے وارنٹِ گرفتاری معطل رہیں گے۔

احتساب عدالت نے اسحاق ڈار کی گرفتاری روکتے ہوئے 7 اکتوبر تک رضا کارانہ پیش ہونے کی ہدایت کر دی۔

واضح رہے کہ گزشتہ روزاسلام آباد کی احتساب عدالت نے سابق وزیرِ خزانہ اسحاق ڈار کے دائمی وارنٹِ گرفتاری معطل کیے تھے۔

احتساب عدالت نے رواں برس مئی میں سابق وزیرِ خزانہ اسحاق ڈار کے اثاثہ جات ریفرنس میں دائمی وارنٹِ گرفتاری جاری کیے تھے۔

…………….

سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے پاکستان واپسی کی تصدیق کردی۔

جیو نیوز کو انٹرویو میں اسحاق ڈار کا کہنا تھاکہ وطن واپسی پر سینیٹ کی رکنیت کا حلف اٹھاؤں گا اور ممکنہ طور پر اگلے ہفتے کے اختتام پر پاکستان میں ہوں گا۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف اور شہباز شریف جو بھی ڈیوٹی لگائیں گے ماضی کی طرح نبھاؤں گا۔

ان کا کہنا تھاکہ شہباز شریف اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی اجلاس کے موقع پر کامیاب دورے کے بعد کل لندن آئیں گے اور شہباز و نواز سے مشورہ کرکے جو بھی فیصلہ ہوگا اس پر عمل کروں گا۔

اسحاق ڈار کا کہنا تھاکہ عدالت نے ہماری درخواست منظور کی اور وارنٹ معطل کرتے ہوئے کہا کہ 7 اکتوبر تک واپسی کرلیں۔

خیال رہے کہ اسلام آباد کی احتساب عدالت نے آج سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے دائمی وارنٹ گرفتاری معطل کر دیے اور وطن واپسی پر ان کی گرفتاری سے روک دیا۔

SHARE

LEAVE A REPLY