کراچی ٹیسٹ کے چوتھے روز پاکستانی بلے بازوں‌ نے تاریخ رقم کر دی۔ شان مسعود، عابد علی، اظہر علی اور بابر اعظم کی شاندار سنچریاں، سری لنکا کیخلاف کراچی ٹیسٹ میں پاکستان کی گرفت مضبوط ہو گئی۔

پاکستان نے کھانے کے وقفے تک 3 وکٹوں کے نقصان پر 555 رنز بنا لئے، اس طرح گرین کیپس کو سری لنکا پر 475 رنز کی برتری حاصل ہو گئی ہے، قبل ازیں دوسرے ٹیسٹ کے چوتھے روز قومی ٹیم نے آج 2 وکٹ پر 395 رنز سے کھیل کا آغاز کیا، کپتان اظہر علی آج بھی فارم میں دکھائی دیئے، 141 بالز پر سنچری مکمل کی تاہم وہ 118 رنز بنا کر ایمبلڈنیا کی بال پر آوٹ ہو گئے۔ ان کے ساتھ بابر اعظم نے بھی اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور سنچری جڑ دی۔ وہ 100 رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں۔ اس طرح پاکستان کے پہلے 4 بلے بازوں نے سری لنکن باولرز کی دھلائی کرتے ہوئے سنچریاں بنا کر تاریخ رقم کر دی۔

گزشتہ روز عابد علی اور شان مسعود نے بھی شاندار شراکت داری کے دوران سنچریاں داغیں، عابد علی نے سری لنکن باولرز کو خاطر میں نہ لاتے ہوئے 174 جبکہ شان مسعود نے 135 رنز بنائے۔ یاد رہے کہ 22 سال کے عرصے کے بعد پاکستان کے کسی اوپنرز نے اتنی بڑی پارٹنر شپ بنائی، اس سے قبل 1997ء میں سابق اوپنر اعجاز احمد اور عامر سہیل نے ویسٹ انڈیز کے خلاف 298 رنز کی پارٹنر شپ بنائی تھی۔

SHARE

LEAVE A REPLY