شام میں گزشتہ تین برسوں سے جاری روسی فضائی حملوں کے نتیجے میں ہلاک شدگان کی تعداد اٹھارہ ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔ سیریئن آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس نے اتوار کے دن بتایا ہے کہ ان میں سے نصف ہلاک شدگان شہری تھے۔ روس تیس ستمبر سن انیس سو پندرہ کو شامی جنگ کا براہ راست حصہ بنا تھا۔ اس تنازعے میں روسی مداخلت کی وجہ سے شامی صدر بشار الاسد کی حامی فوج کو بہت زیادہ مدد ملی اور اس نے کئی علاقوں کو باغیوں اور جنگجوؤں سے بازیاب کرایا۔ شامی خانہ جنگی ميں گزشتہ سات برسوں کے دوران تین لاکھ سے زائد افراد مارے جا چکے ہیں۔












