پاکستان نے سعودی عرب سے 5 سال کےلئے ادھار پر تیل مانگ لیا ،وفاقی وزیر پیٹرولیم غلام سرور خان نے تاخیری ادائیگی پر تیل لینے کی حکمت عملی کی تصدیق کردی ۔
وفاقی وزیر نے انکشاف کیا کہ سعودی عرب کے ساتھ 5 سال کےلئے ادھار پر تیل کے حصول کی ڈیل پر بات ہورہی ہے ،اس حوالے سے سعودی حکام نے آمادگی ظاہر کردی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ سعودی عرب گوادر میں آئل ریفائنری لگانے میں دلچسپی رکھتا ہے اور ہم بھی یہی چاہ رہے ہیں۔
غلام سرور نے مزید بتایا کہ سعودی حکام سے ریکوڈک پر بھی بات ہورہی ہے ،اس حوالے سے برادر اسلامی ملک نے دلچسپی ظاہر کی ہے۔
ان کا کہناتھاکہ سعودی عرب تیل ،ریکوڈک اور سی پیک معاہدوں کےلئے آمادہ ہے ، دونوں ملک مذاکرات کے مرحلے میں ہیں، اس حوالے سے صوبوں اور پارلیمان کو اعتماد میں لیں گے۔
وفاقی وزیر کے انکشافات پر ن لیگ کے شاہنواز رانجھا نے کہا کہ موجودہ حکومت کی خراب ساکھ کے باعث انہیں کوئی ادھار دینے پر بھی آمادہ نہیں ۔
پی پی رہنما مصطفیٰ نواز کھوکھر نے مطالبہ کیا کہ تمام معاہدے پارلیمان میں لائےجائیں۔













