پاکستان نے آسٹریلیا کے پہلے ٹیسٹ کے پہلے دن کے اختتام پر شاندار اوپننگ شراکت کے بعد 3وکٹ پر 255 رنز بنالئے ہیں ۔

دبئی نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا ، گرین کیپ کی طرف سے محمد حفیظ اور امام الحق نے اننگز کا آغاز کیا ۔

دونوں کھلاڑیوں نے آسٹریلیا کے خلاف اچھی شروعات فراہم کی ،اس دوران محمد حفیظ اور امام الحق نے کئی خوبصورت اسٹروکس کھیلے اور پہلی وکٹ پر اسکور 205 رنز تک پہنچادیا ۔

اوپننگ جوڑی کی ڈبل سنچری شراکت کے دوران محمد حفیظ نے اپنے کھیل سے نقادوں کو بھرپور جواب دیا اور شاندار سنچری اسکور کی ۔

پاکستان کے پہلے آئوٹ ہونے والے بیٹسمین امام الحق تھے ،جنہوں نے 2چھکوں اور 7چوکوں کی مدد سے 76رنز بنائے ،انہیں لی یون نے پویلین کی راہ دکھائی ۔

گرین کیپ کی دوسری وکٹ 222 کے اسکور پر گری ،اس بار 15 چوکوں کی مدد سے 126 رنز کی عمدہ اننگز کھیلنے والے محمد حفیظ کو سڈل نے میدان سے واپسی کا راستہ دکھایا ۔

آسٹریلوی باولر ہالینڈ نے ون ڈائون بیٹسمین اظہر علی کو 18 کے انفرادی اسکور پر آئوٹ کیا یوں پاکستان کی تیسری وکٹ 244 کے اسکور پر گر گئی ۔

پہلے دن کے 90 اوورز کے کھیل کے اختتام پر حارث سہیل 15 رنز اور نائٹ واچ مین محمد عباس1 رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں ۔

آسٹریلوی کپتان ٹم پین کے فیصلے پرمیچ کے پہلے روز 6 باولرز نے گیند بازی کی ،تاہم وکٹ صرف لی یون،سڈل اور ہالینڈ کے حصے میں آئی ۔

SHARE

LEAVE A REPLY