نئی دہلی: دہلی کی سرحد پر واقع پلول (ہریانہ) کے ایک گاؤں کی زیر تعمیر مسجد کے بارے میں الزامات کی تحقیق کرنے کے لئے دہلی اقلیتی کمیشن نے چار افراد پر مشتمل ایک کمیٹی تشکیل دی ہے جو علاقہ کا دورہ کرکے وہاں پولیس ، انتظامیہ، مقامی عہدیداران پنچایت، عوام اور متاثرہ خاندانوں کے لوگوں سے مل کر معاملے کی تہ تک پہنچنے کی کوشش کرے گی اور کمیشن کو ایک رپورٹ پیش کرے گی جس کا اجراء اگلے ہفتے ایک پریس کانفرنس میں کیا جائے گا۔
کمیٹی کے سربراہ معروف حقوق انسانی کے کارکن اویس سلطان خان ہیں جو دہلی اقلیتی کمیشن کی مسلم مشاورتی کمیٹی کے ممبر بھی ہیں۔ ممبران میں اے سی مائکل (سابق ممبر دہلی اقلیتی کمیشن )، سردار گرمندر سنگھ متھارو (ممبر سکھ گردوارہ پربندھک کمیٹی امریتسر) اور معروف وکیل اور حقوق انسانی کے کارکن ابوبکر سباق شامل ہیں۔
یہ کمیٹی بروز سنیچر پلول کا دورہ کرے گی اور حضرت نظام الدین میں مقیم خاندانوں سے بھی ملاقات کرے گی جن کے بعض افراد کو پلول کی مسجد کی فنڈنگ کے سلسلے میں گرفتار کیا گیا ہے












