امریکہ کے سابق صدر بل کلنٹن کو طبیعت کی ناسازی پر اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ ان کے ترجمان کا کہنا ہے کہ وہ روبہ صحت ہیں۔
پچھتر سالہ بل کلنٹن کو منگل کی شام کیلیفورنیا میں آئیون کے یو سی آئی میڈیکل سینٹر میں انفیکشن کے سبب داخل کرایا گیا تھا۔
امریکہ کے نشریاتی ادارے ‘سی این این’ نے سابق صدر بل کلنٹن کے ڈاکٹروں کے حوالے سے بتایا ہے کہ ان کے خون میں انفیکشن کی تشخیص ہوئی جو ڈاکٹروں کے خیال میں پیشاب کی نالی میں انفیکشن سے شروع ہوا تھا۔
بل کلنٹن کے ڈاکٹروں الپیش امین اور لیزا بارڈیک نے ایک بیان میں کہا ہے کہ کلنٹن کا متواتر جائزہ لینے کے لیے انہیں اسپتال میں داخل کیا گیا ہے جہاں انہیں اینٹی باڈیز اور ادویات دی گئی ہیں۔
ڈاکٹروں کے مطابق کلنٹن کے خون کے سفید خلیوں کی تعداد گر رہی تھی البتہ دو دن کے علاج کے بعد اینٹی بائیوٹکس کا ان پر مثبت اثر ہو رہا ہے۔
ڈاکٹروں نے امید ظاہر کی ہے کہ سابق صدر کو جلد گھر بھیج دیا جائے گا۔













