ملک بھر میں پاکستان کا 79 واں یوم آزادی انتہائی جوش و خروش اور قومی جذبے کے ساتھ منایا جا رہا ہے ، دن کا آغاز نماز فجر میں ملکی ترقی اور یکجہتی کی خصوصی دعاؤں سے ہوا، وفاقی و صوبائی دارالحکومتوں میں توپوں کی سلامی دی گئی۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 31 توپوں کی سلامی دی گئی جبکہ صوبائی دارالحکومتوں میں 21۔21 توپوں کی سلامی دی گئی۔
جشن آزادی کے موقع پر شاعر مشرق علامہ اقبال کے مزار اور مزار قائد کراچی پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقاریب منعقد ہونگی
کراچی، لاہور، اسلام آباد، پشاور ، کوئٹہ اور ملتان سمیت ملک کے کونے کونے میں چراغاں اور آتشبازی کے ساتھ ملی نغموں اور سبزہلالی پرچموں کی بہار آگئی۔
یوم آزادی کی مناسبت سے پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول میں آزادی پریڈ کا انعقاد ہو گا
یوم آزادی کی تقریب میں رات 12 بجتے ہی پرچم کشائی کی گئی، سب نے مل کر قومی ترانہ پڑھا، پاکستان زندہ باد کا نعرہ لگایا اور مادر وطن کے شہدا کو خصوصی خراج عقیدت پیش کیا۔
رات 12 بجتے ہی جشن آزادی کے آغاز پر لاہور میں گریٹر اقبال پارک میں آتشبازی کا مظاہرہ کیا گیا اس موقع پر لیزر لائٹ کا بھی اہتمام تھا جسے دیکھنے کیلئے ہزاروں شہری جمع ہوگئے۔
کراچی میں پورٹ گرینڈ میں آتشبازی کا مظاہرہ دیکھنے کیلئے عوام کی بڑی تعداد جا پہنچی جبکہ گورنر ہاؤس میں بھی جشن آزادی کی تقریب منعقد کرکے آتشبازی کا مظاہرہ کیا گیا۔
اسلام آباد کے ایف نائن پارک میں شاندار آتشبازی کا اہتمام کیا گیا، تقریب میں پیرس اولمپکس کے گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم کی بھی شریک ہوئے جبکہ راولپنڈی کے راجہ بازار میں ایک کلومیٹر طویل قومی پرچم لہرایا گیا۔
کوئٹہ کے نواب اکبر بگٹی اسٹیڈیم میں جشن آزادی پر شاندار آتشبازی کا مظاہرہ کیا گیا جبکہ گورنر ہاؤس پشاور میں بھی جشن آزادی کی مناسبت سے آتشبازی کا مظاہرہ کیا گیا۔













