مسیحی برادری کے مذہبی تہوار کرسمس کی تقریبات جاری ہیں۔ امریکا اور برطانیہ سمیت دنیابھرمیں حضرت عیسی کی ولادت کی تقریبات جاری ہیں
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق عیسائی برادری حضرت عیسیٰ علیۃ اسلام کا یوم پیدائش عقیدت و احترام سے منارہے ہیں۔امریکا اور برطانیہ سمیت یورپ اور دیگر ملکوں میں تقاریب جاری ہیں۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق حضرت عیسیٰ علیہ السلام کی جائے پیدائش بیت لحم ‘جوکہ خوشیوں اور روشنی سے بھرپور کرسمس منانے کے لیے مشہور ہے’، میں اس کرسمس کے موقع پر روایت سے ہٹ کر ماحول ہے۔
غزہ میں جانی نقصانات کے باوجود بیت لحم میں کرسمس کی تقریبات کا اعلان کردیا
کرسمس پر غزہ میں جنگ کے متاثرین کے لیے دعائیہ اجتماعات کا بھی اعلان کیا گیا
پاکستان سمیت دنیا بھر میں مسیحی برادری آج کرسمس کا تہوار منا رہی ہے۔
ملک کے مختلف شہروں میں کرسمس کی تقریبات ہوئیں، کراچی کے گرجا گھروں میں خصوصی عبادات اور دعائیہ تقریبات کا سلسلہ جاری رہا۔
لاہور بھر میں بھی چرچز کو سجا دیا گیا، خصوصی عبادات کا اہتمام کیا گیا، اسلام آباد میں بھی مسیحی برادری کی بڑی تعداد نے گرجا گھروں کا رخ کیا، مسیحی برادری کرسمس شاپنگ اور عبادات میں مصروف رہی، سکیورٹی کے انتظامات سخت رہے۔
صدر اور وزیراعظم کی مبارکباد
صدر اور وزیراعظم نے مسیحی برادری کو دلی مبارکباد دی، صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ کرسمس کا تہوار امید، امن اور ہمدردی کاپیغام لے کر آتا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ تمام اہل وطن کو اس تہوار کی روایتی خوشیاں مبارک ہوں، دعاگو ہیں یہ کرسمس امن و استحکام اور خوشحالی کی نوید لے کر آئے، مسیحی بھائی پاکستان میں فعال، مثبت اور پر امن برادری کی حیثیت سے قابل قدر کردار ادا کر رہے ہیں۔
محمد شہبازشریف نے مزید کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جدوجہد میں پوری قوم کے شانہ بشانہ انکی قربانیاں ہمارے لیے باعث فخر ہیں۔
افواج پاکستان نے بھی ملک کی مسیحی برادری کو کرسمس کی دلی مبارکباد پیش کی اور قومی ترقی میں مسیحی برداری کی گراں قدر خدمات کو سراہا گیا۔
,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,
بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح کا 149 واں یوم پیدائش آج انتہائی عقیدت و احترام اور ملی جوش و خروش سے منایا جارہا ہے اور اس موقع پر آج ملک بھر میں عام تعطیل ہے۔
بانی پاکستان کے یوم پیدائش کے موقع پر مزار قائد پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب ہوئی جس کے مہمان خصوصی میجر جنرل افتخار حسین چوہدری(ہلال امتیاز) تھے، اس موقع پر پاک فوج کے چاق و چوبند دستے کی جانب سے مزار قائد پر سلامی دی گئی جب کہ پاک فوج کے کیڈٹس نے مزار قائد پر گارڈز کے فرائض سنبھال لیے۔
بانی پاکستان کے یوم پیدائش پر آج دن بھر سرکاری اور غیر سرکاری سطح پر تقاریب منعقد ہوں گی جس میں بابائے قوم کی مسلمانان ہند اور پاکستان کے قیام کیلئے کی جانے والی انتھک اور ناقابل فراموش خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا جائے گا۔
قائد اعظم محمد علی جناح 25 دسمبر 1876 کو کراچی میں پیدا ہوئے تھے، وہ پیشے کے اعتبار سے وکیل اور ایک سیاست دان تھے۔
انہوں نے اپنی قائدانہ صلاحیتوں سے ایک آزاد ریاست کا خواب حقیقت میں بدلا، ایمان، اتحاد، اور تنظیم پر مبنی اصول قائد کی زندگی کا نچوڑ ہیں، بابائےقوم نے اپنے کردار اور عمل سے پوری دنیا کو دکھایا کہ ایک سچی اور دیانت دار قیادت کیا کر سکتی ہے۔
نہرو،پٹیل اورگاندھی جیسے سیاستدانوں کے ہوتے ہوئے قائداعظم نے قوم کو پاکستان کی منزل سے ہمکنار کیا۔ قائداعظم کا خواب ایک ایسا پاکستان تھا جہاں ہر فرد کو مساوی حقوق اور آزادی حاصل ہو۔
قائداعظم محمدعلی جناح دنیا کی چند ان شخصیات میں شامل ہیں جنہوں نے تاریخ کا دھارا موڑ دیا اور دو قومی نظریے کی بنیاد پر مسلمانوں کو علیحدہ وطن دلایا۔ مسلمانوں پر ان کا یہ عظیم احسان کبھی نہیں بھلایا جاسکتا۔
بابائے قوم کو خراج عقیدت
وزیراعظم شہبازشریف نے قائداعظم محمد علی جناح کو خراج عقیدت پیش کیا، انہوں نے بابائے قوم کے یوم پیدائش پر اپنےپیغام میں کہا کہ قائداعظم نے بلاتفریق رنگ ونسل، مذہبی ہم آہنگی، معاشرتی رواداری اور انصاف جیسےرہنما اصولوں کا درس دیا۔
افواج پاکستان، آرمی چیف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈمارشل عاصم منیر نے بھی بابائے قوم کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
افواج پاکستان نے قائدِ اعظم کے مضبوط، خودمختار، جمہوری اور خوشحال پاکستان کے وژن سے اپنی غیر متزلزل وابستگی اور قومی استحکام، امن اور ترقی کے لیے بھرپور کردار ادا کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔













