شام کے شمالی حصے میں گزشتہ دو دنوں سے جاری لڑائی میں درجنوں افراد مارے گئے ہیں۔ جنگ کی نگرانی کرنے والی ایک تنظیم نے بتایا کہ یہ جھڑپیں القاعدہ سے تعلق رکھنے والے شدت پسندوں اور اُن باغیوں کے مابین ہوئیں، جنہیں ترکی کی پشت پناہی حاصل ہے۔ بتایا گیا ہے کہ صوبہ ادلب اور حلب میں ان دو دنوں کے دوران تیس سے زائد افراد ہلاک ہوئے ہیں، جن میں پانچ عام شہری بھی شامل ہیں۔ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے شام سے امریکی دستوں کے انخلاء کے اعلان کے بعد سے ان جھڑپوں میں شدت آئی ہے۔












