نامور اداکار شکیل طویل علالت کے بعد 85 سال کی عمر میںانتقال کرگئے

0
1458

فلم، اور ٹی وی کے نامور اداکار اور معروف ڈرامہ سیریل ‘ان کہی’، ‘آنگن ٹیڑھا’ اور ‘انکل عرفی’ میں اپنی لازوال اداکاری کی وجہ سے شہرت پانے والے اداکار شکیل 85 سال کی عمر میں انتقال کر گئے ہیں۔ لیجنڈ ری اداکار کافی عرصے بیمار تھے اور ان کی وفات 29 جون کو کراچی کے ایک نجی اسپتال میں ہوئی۔

اداکار شکیل کا شمار پاکستان کے ان فنکاروں میں ہوتا تھا جنہوں نے اپنے کرئیر کا آغاز تو فلم سے کیا لیکن بعد میں ٹی وی کا رخ کیا ، 70 کی دہائی سے لے کر 2010 کی دہائی کے دوران انہوں نے ٹی وی پر لاتعداد ڈراموں میں کام کیا، اور 60 سال شوبز کو دیے۔

شکیل کا اصل نام یوسف کمال تھا۔ وہ 29 مئی 1938 میں بھارتی شہر بھوپال میں پیدا ہوئے اور قیام پاکستان کے پانچ سال بعد اپنے خاندان کے ساتھ ہجرت کرکے پاکستان آ گئے۔ 60 کی دہائی میں انہوں نے اسٹیج پر اداکاری سے اپنے فنی کرئیر کا آغاز کیا اور یوسف کمال کے نام سے ہی اداکاری کرتے رہے۔

سن 1966 میں بننے والی فلم ‘ہونہار’ میں جب اداکار وحید مراد کے چھوٹے بھائی کے کردار کے لیے نئے چہرے کی ضرورت پڑی تو ہدایتکار ایس ایم یوسف نے یوسف کمال کو چنا۔ چونکہ اس وقت فلم انڈسٹری میں کئی فنکار ایسے موجود تھے جن کے نام میں یوسف یا کمال آتا تھا۔ اس لیے ایس ایم یوسف نے یوسف کمال کو نام تبدیل کرنے کا مشورہ دیا، اور پھر ان کا نام شکیل رکھ کر انہیں متعارف کرایا۔

اداکار شکیل اپنے فلمی کرئیر سے پہلے کراچی کی ایک ایڈورٹائزنگ ایجنسی میں کام کرتے تھے لیکن جب انہیں لاہور سے فلموں کی آفرز آنا شروع ہوئیں تو انہوں نے ایکٹنگ کو پیشے کے طور پر اپنانے کا فیصلہ کیا۔ یکے بعد دیگرے فلمیں فلاپ ہونے کے بعد وہ واپس کراچی آ گئے اور ٹی وی کا رخ کیا جس نے اس خوش شکل اداکار کو ہاتھوں ہاتھ لیا۔

60 کی دہائی سے لے کر 2018 تک انہوں نے فلموں اور ٹی وی میں بے تحاشہ کام کیا۔ فلموں میں انہوں نے جہاں وحید مراد، ندیم، کمال اور ہالی وڈ اداکار کرسٹوفر لی کے ساتھ اسکرین شئیر کی، وہیں ٹی وی پر انکل عرفی، ان کہی، آنگن ٹیڑھا، چاند گرہن اور بیلا پور کی ڈائن جیسے ہٹ ڈراموں میں بھی کام کیا۔

وہ سید کمال کی مشہور فلم ‘انسان اور گدھا’ کی کاسٹ میں تو شامل تھے ہی، برطانوی فلم ‘جناح’ میں بھی انہوں نے پاکستان کے پہلے وزیر اعظم خان لیاقت علی خان کا کردار نبھاکر خوب داد سمیٹی۔ 80 کی دہائی کے آخر میں انہوں نے برطانوی ٹی وی سیریز ‘ٹریفک’ میں بھی مرکزی کردار ادا کیا جسے دنیا بھر میں شائقین نے خوب پسند کیا۔

گزشتہ دس سالوں میں شکیل نے بڑھتی عمر اور بیماری کی وجہ سے ڈراموں میں کام کرنا کم کر دیا تھا لیکن اس کے باوجود ان کے مداح ان کی ٹی وی اسکرین پر واپسی کے لیے پرامید تھے۔ وہ ان چند اداکاروں میں سے تھے جنہوں نے اداکاری کرتے وقت ایک اور شعبے میں بھی اپنی مہارت کا ثبوت دیا، اور وہ تھا فیشن ڈیزائننگ کا شعبہ۔ 90 کی دہائی میں انہوں نے جب فیشن ڈیزائننگ میں قدم رکھا تو اس میں کامیاب ہوئے اور متعدد نمائشوں کا حصہ رہے جس میں ان کے ڈیزائن کردہ کپڑوں کو خوب پذیرائی ملی۔

SHARE

LEAVE A REPLY