جنوبی افریقہ اور پاکستان کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان پانچ ایک روزہ بین الاقوامی میچوں پر مشتمل سیریز کا تیسرا میچ آج جمعےکو سنچورین میں کھیلا جائے گا۔ پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر ہے۔ سرفراز الیون نے پہلے میچ میں پروٹیز کو 5 وکٹوں سے شکست فاش سے دوچار کیا تھا تاہم پروٹیز ٹیم نے دوسرے میچ میں شاندار کم بیک کرتے ہوئے گرین شرٹس کو 5 وکٹوں سے شکست دیکر سیریز 1-1 سے برابر کر دی۔

میچ پاکستانی وقت کے مطابق شام 4 بجے شروع ہو گا۔ دونوں ٹیموں کے کپتان آئندہ میچ میں کامیابی کے لئے پر جوش ہیں۔ پاکستانی کپتان اور کھلاڑیوں کے مطابق دوسرے میچ میں شکست کے باوجود ٹیم کے حوصلے پست نہیں ہوئے۔ گرین شرٹس کے کپتان کا کہنا ہے کہ تیسرا میچ جیت کر سیریز میں برتری حاصل کرنے کیلئے پر امید ہیں تاہم دوسری جانب میزبان ٹیم بھی سیریز میں کم بیک کے بعد تیسرے میچ میں کامیابی کیلئے پر اعتماد ہے اس لئے تیسرے ون ڈے میں دونوں ٹیموں کے درمیان دلچسپ مقابلے کی توقع کی جا رہی ہے۔

گرین شرٹس کپتان سرفرازاحمدنے کہاہے کہ دوسرے میچ میں وکٹیں جلد گرنے کی وجہ سے دبائو کا شکار ہوگئے تاہم تیسرے میچ میں برتری حاصل کرنے کیلئے میچ جیتنے کی کوشش کرینگے ۔ کھلاڑی کارکردگی دکھانے کیلئے پر عزم ہیں ۔ پروٹیز کپتان فف ڈیوپلیسی نے کہا کہ دوسرا میچ جیتنے کے بعد کھلاڑیوں کے حوصلے بلند ہیں ‘سیریز میں برتری حاصل کرنے کی کوشش کرینگے ۔ دونوں ٹیموں کے درمیان پانچ ون ڈے میچوں کی سیریز کا چوتھا ون ڈے 27 جنوری جبکہ پانچواں اور آخری ایک روزہ میچ 30 جنوری کو کھیلا جائے گا۔ اس کے بعد دونوں ٹیموں کے درمیان تین ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچوں کی سیریز کھیلی جائے گی۔

SHARE

LEAVE A REPLY