پاکستان کرکٹ ٹیم کے اوپنر امام الحق نے نیوزی لینڈ کے خلاف بقیہ دونوں میچز جیتنے کی امید ظاہر کردی۔
3 میچز پر مشتمل ون ڈے سیریز کے پہلے میچ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 73 رنز سے شکست دی تھی جبکہ اوپنر امام الحق دائیں پاؤں میں انجری کے باعث نیوزی لینڈ کے خلاف پہلا ون ڈے نہیں کھیل سکے تھے۔
تاہم اب میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے امام الحق کہنا تھا کہ جو ہوچکا اس پر زیادہ بات نہیں کرسکتے، پوری امید ہے سیریز کے باقی دونوں میچز جیتیں گے۔
اوپنر امام الحق کے مطابق ان کنڈیشن میں ابتدامیں مشکل ہوتی ہے لیکن میرے خیال سے ہمیں یہاں کافی پریکٹس مل چکی ہے ، تھوڑا باؤنس ہوتا ہے لیکن جب 15 سے 20 بال کھیل لیتے ہیں تو رنز آنا شروع ہوجاتے ہیں. سیریز میں ہمارا بولنگ یونٹ نیا ہے نسیم شاہ اور حارث رؤف کے علاوہ باقی بولرز نئے ہیں ۔
اما م الحق نے کہا کہ مجھے ایسا لگتا ہے ہماری ٹیم بہت اچھی ہے ، ون ڈے کی ٹیم میں تجربہ کار کھلاڑی ہیں ، جو کھلاڑی ہیں انہوں نے پاکستان کو بہت سے میچز جتوائے بھی ہیں، ایک وقت میں ون ڈے کی ہماری اچھی ٹیم تھی، جو پیچھے ہوچکا اس کو بھلادیں،یہ ٹیم کم بیک کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ چیمپئنز ٹرافی کے بعد ٹیم کا جو مورال ہے اس سے کم بیک کرنا چاہ رہے ہیں، مشکل کنڈیشن میں لڑکر جو کامیابی ملے گی اس سے ٹیم کو حوصلہ ملے گا۔












