جعلی بینک اکاؤنٹ کیس میں سابق وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کی عبوری ضمانت میں توسیع کر دی گئی ہے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس عامر فاروق اور جسٹس محسن اختر کیانی نے کیس کی سماعت کی۔ سابق وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کی عبوری ضمانت میں 30 اپریل تک توسیع کی گئی ہے۔ خیال رہے کہ سابق وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کے خلاف دادو اور ٹھٹھہ شوگر مل میں انکوائری چل رہی ہے۔
اس سے قبل گزشتہ ماہ بھی اسلام آباد ہائیکورٹ نے قائم علی شاہ کی حفاظتی ضمانت منظور کی کیس کی سماعت کے موقع پر جسٹس محسن اختر کیانی نے کہا تھا کہ نیب نے 2 مختلف کیسز کے نوٹس لئے ہیں، آپ صرف ایک کیس کیلئے آئے ہیں، اگر دوسرے کیس میں ضمانت نہیں کروائی گئی تو نیب گرفتار کر سکتی ہے۔ اس پر قائم علی شاہ کے وکیل نے کہا کہ مجھے سوچنے کی اجازت دیں، آپ زر ضمانت کا حکم دیں جائیداد کا نہ دیں۔ جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دیے میں آرڈر لکھوا چکا ہوں زر ضمانت نہیں دے سکا۔
اس کے بعد عدالت نے قائم علی شاہ کی درخواست ضمانت قبل از گرفتاری 8 اپریل تک منظور کرتے ہوئے دس لاکھ روپے کے مچلکے جمع کرنے کا حکم دیا اور جسٹس عامر فاروق نے فریقین کو نوٹس جاری کر دیئے۔












