امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایک ہفتے میں دولت اسلامیہ (داعش) کا خاتمہ کرکے شام اور عراق کو مکمل طور پر آزاد کرایا جائے۔
تفصیلات کے مطابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکی دارالحکومت واشنگٹن میں ایک کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ زیادہ سے زیادہ ایک ہفتے میں داعش کا مکمل خاتمہ کرکے 100 فیصد خلافت ہمارے پاس ہوگی۔
ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ داعش کی خلافت ختم کردی لیکن اس کے چھوٹے چھوٹے گروپ خطرناک ہوسکتے ہیں، غیر ملکی جنگجوؤں کو امریکا پہنچنے سے روکنا ہے۔
امریکی صدر ٹرمپ نے خطاب میں کہا کہ دہشت گردوں نے کچھ عرصے انٹرنیٹ کا استعمال ہم سے بہتر انداز میں کیا لیکن اب اس شعبے میں وہ اتنے اچھے نہیں رہے۔
امریکی صدر نے اپنے اتحادیوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ’ہم آنے والے وقتوں میں بھی ساتھ کام کریں گے‘۔
امریکا کے سیکریٹری داخلہ مائیک پومپیو کا کہنا تھا کہ ’امریکا شام سے اپنی افواج کے انخلاء کے باوجود داعش کے خلاف جنگ جاری رکھے گا‘۔
مائیک پومپیو کا کہنا تھا کہ شام سے امریکی افواج کا انخلاء ایک شاطرانہ تبدیلی تھی لیکن یہ تبدیلی مشن میں نہیں آئی، پومپیو نے مزید کہا کہ دنیا اب ایسے جہاد میں داخل ہورہی ہے جس کا کوئی مرکز نہیں ہوگا۔
دوسری جانب امریکی افواج کو خدشہ ہے کہ اگر دہشت گردوں پر انسداد دہشت گردی کے حوالے سے دباؤ برقرار نہ رکھا تو داعش دوبارہ سر اٹھا سکتی ہے۔












