سعید غنی ,بینظیر بھٹو کے خلاف سازش میں عمران خان بھی ملوث ہیں

0
1081

صوبائی وزیرِ بلدیات اور پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے رہنما سعید غنی نے الزام عائد کیا ہے کہ سابق وزیرِ اعظم بینظیر بھٹو کے خلاف سازش میں وزیرِ اعظم عمران خان بھی ملوث ہیں۔

اصغر خان کیس کی سماعت دوبارہ مقرر کرنے پر صوبائی وزیرِ بلدیات نے سپریم کورٹ کا شکریہ ادا کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ اصغر کان کیس میں بہت سارے سازیشی بے نقاب ہوں گے، کیونکہ 1990 میں محترمہ بینظیر بھٹو کا راستہ روکنے کے لیے قومی خزانے کو بھی نقصان پہنچایا گیا۔

صوبائی وزیر نے الزام عائد کیا کہ موجودہ وزیرِ اعظم عمران خان بھی بینظیر بھٹو کے خلاف سازش میں ملوث ہیں، جبکہ مطالبہ کیا کہ عبدالستار ایدھی کا انٹرویو بھی ریفرنس کا حصہ بنایا جائے۔

سعید غنی نے عمران خان کو کٹھپتلی وزیراعظم قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف آئی اے پر اثر انداز ہو رہے ہیں۔

پی پی پی رہنما کا کہنا تھا کہ عمران خان نے لیفٹننٹ جنرل (ر) حمید گل کے ساتھ مل کر بینظیر بھٹو شہید کی حکومت کے خلاف سازش کی۔

انہوں نے یہ بھی مطالبہ کیا کہ ’جنرل (ر) مرزا اسلم بیگ، لیفٹننٹ جنرل (ر) اسد درانی، بریگیڈیئر (ر) امتیاز علی اور میجر عامر کو بھی کٹہڑے میں لایا جائے۔‘

سعید غنی کا کہنا تھا کہ بینظیر بھٹو اور ان کے شوہر آصف علی زرداری کی کردار کشی کی گئی اور یہ بھی اسی سازش کا حصہ تھی، جبکہ اس مہم پر قومی خزانے کو اربوں روپے کا نقصان پہنچایا گیا۔

صوبائی وزیر نے یہ بھی الزام عائد کیا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کا راستہ روکنے کے لیے انتخابی نتائج چوری کیے گئے۔

واضح رہے کہ 11 جنوری کو چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے مرحوم ایئر مارشل (ر) اصغر خان کے اہلِ خانہ کی درخواست قبول کرتے ہوئے اس کیس کی کارروائی جاری رکھنے کا حکم دیا تھا۔

چناچہ اب جسٹس گلزار احمد، جسٹس فیصل عرب اور جسٹس اعجاز الاحسن پر مشتمل سپریم کورٹ کا 3 رکنی بینچ 11 فروری کو اصغر خان کیس کے 2012 میں دیے جانے والے فیصلے پر عملدرآمد کیس کی سماعت کرے گا۔

SHARE

LEAVE A REPLY