وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے مقبوضہ کشمیر کے علاقے پلوامہ میں بھارتی فوجیوں پر حملے کے بعد پیدا ہونے والی صورت پر عالمی برادری سے بھارت کو جنگ کی آگ بڑھکانے سے باز رکھنے کی درخواست کرتے ہوئے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے کہا ہے کہ درپیش صورت حال عالمی امن وسلامتی کے لیے خطرے کا باعث ہے۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے صدر انتونیو ندونگ مبا کو اپنے خط میں کہا ہے کہ بھارت کی پاکستان کے خلاف طاقت کے استعمال کی دھمکی سے خطے میں سیکیورٹی کی صورت حال بگڑ رہی ہے۔
سلامتی کونسل کے صدر کو مخاطب کرتے ہوئے انہوں نے کہا اپنے خط میں کہا کہ معاملے کی نوعیت کے احساس کے ساتھ آپ کو خط لکھ رہا ہوں کیونکہ درپیش صورت حال عالمی امن وسلامتی کے لیے خطرے کا باعث ہے۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ14 فروری 2019 کو مقبوضہ کشمیر میں پلوامہ میں پیش آنے والے واقعے کے فوری بعد بھارت نے بلاتحقیق پاکستان پر الزام تراشی شروع کردی ہے اور بنا کسی ثبوت وشواہد کے پاکستان کودھمکیاں دینا شروع کردی ہے۔











