ٹرن مارچ: بلاول کا کینٹ اسٹیشن پر کارکنوں سے خطاب

0
735

پیپلز پارٹی کا کاروانِ بھٹو ٹرین آج سے شروع ہو رہا ہے، چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹوزرداری مارچ کا آغاز کرنے کے لیے کینٹ اسٹیشن کراچی پہنچ گئے جہاں انہوں نے کارکنوں سے خطاب کیا۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، سندھ کے وزراء، پارٹی رہنماؤں اور کارکنوں کی بڑی تعداد کینٹ اسٹیشن پر موجود ہے، جیالے اسٹیشن پر پارٹی کے جھنڈے لیے اپنے لیڈر کے حق میں نعرے بلند کر رہے ہیں۔

بلاول بھٹو زرداری سندھ بھر میں 25 مقامات پر خطاب کریں گے،اسٹیشنوں پر لگے استقبالیہ کیمپوں میں جیالے پُرجوش ہیں۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے کاروانِ بھٹو ٹرین کا نیا شیڈول جاری کر دیا گیا ہے۔

ایڈیشنل جنرل مینجر پسنجرٹرین شفیع غوری کے مطابق آج کراچی کے کینٹ اسٹیشن سے روانہ ہونے والی مذکورہ ٹرین 22 اسٹیشنوں پر رکے گی، جبکہ ہر اسٹیشن پر 20 منٹ کا اسٹاپ ہو گا۔

انہوں نے بتایا کہ کاروانِ بھٹو ٹرین آج شام ساڑھے 5 بجے نواب شاہ پہنچے گی، جہاں قیام کے بعد کل 27 مارچ کی صبح ساڑھے 10 بجے ٹرین دوبارہ چلے گی۔

شفیع غوری نے مزید بتایا کہ کاروانِ بھٹو ٹرین 27 مارچ کی رات ساڑھے 7 بجے لاڑکانہ پہنچے گی۔

انہوں نے یہ بھی بتایا کہ کاروانِ بھٹو ٹرین 10 اکانومی کلاس کوچز، ایک اے سی پارلر، ایک پاور پلانٹ اور ایک سیلون پر مشتمل ہے۔

دوسری جانب ریلوے پولیس کا کہنا ہے کہ کراچی کینٹ سے لاڑکانہ تک تمام ٹریک پر پولیس تعینات رہے گی، جبکہ کاروانِ بھٹو ٹرین کے انجن میں پولیس کے کمانڈوز فرائض انجام دیں گے۔

ریلوے پولیس نے یہ بھی بتایا ہے کہ ٹرین جس اسٹیشن پر رکے گی وہاں ویڈیو بنائی جائے گی، کاروانِ بھٹو ٹرین کو ریلوے ہیڈ کوارٹر آفس میں مسلسل مانیٹر کیا جائے گا۔

پولیس کی بھاری نفری کینٹ اسٹیشن کے اندر اور باہر تعینات ہے، پلیٹ فارم 7 اور 8 پر بم ڈسپوزل اسکوارڈ نے تلاشی مکمل کر لی، پلیٹ فارم کے داخلی راستے پر واک تھرو گیٹ نصب کیا گیا ہے۔

SHARE

LEAVE A REPLY