جعلی اکاؤنٹس کیس میں سابق وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نیب کے سامنے پیش ہوگئے۔
نیب کی کمبائن انویسٹی گیشن ٹیم نے سابق وزیراعلیٰ سندھ سے ٹھٹھہ اور دادو شوگر ملز کی نج کاری کے بارے میں40 منٹ تک پوچھ گچھ کی ۔
سید قائم علی شاہ نے اپنا بیان ریکارڈ کرایا جس کے بعد نیب راولپنڈی نے انہیں مزید سوالات پر مبنی سوالنامہ بھی دے دیا ۔
سابق وزیراعلیٰ سندھ کی پیشی سے متعلق نیب نے اعلامیہ جاری کردیا جبکہ نیب حاضری کے بعد قائم علی شاہ اور سینیٹر فرحت اللہ بابر نے میڈیا سے گفتگو کی ۔
قائم علی شاہ نے کہاکہ میرا 55 سالہ سیاسی کیرئیر ہے کبھی اختیارات کے غلط استعمال اور کرپشن کا نوٹس نہیں ملا۔
نیب اعلامیے کے مطابق قائم علی شاہ کی نیب راولپنڈی میں پیشی کے موقع پر کمبائن انویسٹی گیشن ٹیم نے ان سے 40 منٹ تک پوچھ گچھ کی ۔
نیب نے سابق وزیراعلیٰ سندھ کو ایک سوالنامہ بھی دیا ہے اور ہدایت کی ہے کہ 10 دن کے اندر سوالوں کے جوابات جمع کرادیے جائیں۔
نیب اعلامیے کے مطابق قائم علی شاہ کے نیب ٹیم کو دیے گئے جوابات اور سوالنامے کے کے جوابات کا جائزہ لیا جائے گا اور اس کی روشنی میں ان کی دوبارہ طلبی کا فیصلہ کیا جائے گا ۔
قائم علی شاہ پر دادو شوگر ملز اومنی گروپ کو اونے پونے داموں دینے کا الزام ہے، سابق وزیراعلیٰ سندھ نے اسلام آباد ہائیکورٹ سے حفاظتی ضمانت کرارکھی ہے۔












