ایرانی حکومت نے بتایا ہے کہ حالیہ شدید بارشوں اور سیلابوں سے ملکی خزانے کو 2.5 بلین امریکی ڈالر کا نقصان برداشت کرنا پڑا ہے۔ سیلاب نے زرعی شعبے کے علاوہ پلوں، مکانات اور سڑکوں کو گہرا نقصان پہنچایا۔
رواں برس انیس مارچ سے بارشوں اور سیلابی ریلوں میں کم از کم چھہتر انسانی جانیں بھی ضائع ہوئی ہیں۔ ابھی بھی دو لاکھ سے زائد افراد عارضی خیموں میں پناہ گزین ہیں۔
تہران حکومت نے متاثرہ علاقوں میں فوج بھی متعین کر رکھی ہے۔ ایرانی وزیر داخلہ کے مطابق سیلاب نے پچیس صوبوں کے ساڑھے چار ہزار کے قریب دیہات کے ساتھ ساتھ کئی قصبوں اور شہروں کو بھی اپنی لپیٹ میں لیا تھا۔












