وزیر اعظم عمران خان مہمند ڈیم کا آج سنگ بنیاد رکھیں گے، تقریب میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور سابق چیف جسٹس میاں ثاقب نثار بھی مدعو ہیں۔
چیئرمین واپڈا، خیبر پختونخوا کے حکام اور دیگر اعلیٰ افسر بھی شریک ہونگے، ضلع مہمند میں اہم شخصیات کی آمد کے باعث سکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی، منظور شدہ پی سی ون کے مطابق مہمند ڈیم 5 سال 8 ماہ میں مکمل ہو گا، جس پر 5 کھرب 58 ارب 30 کروڑ 90 لاکھ روپے لاگت آئیگی۔
ڈیم کی تعمیر کے بعد 1.2 ایم اے ایف پانی ذخیرہ کرنے کی گنجائش کے ساتھ 800 میگاواٹ بجلی بھی بنائی جائیگی، چارسدہ، نوشہرہ اور پشاور سیلابی پانی سے بھی بچ جائیں گے، دریائے سوات پر بنائے جانے والے ڈیم سے ایک لاکھ 60 ہزار ایکڑ زمین کو پانی ملے گا اور 16 ہزار ایکڑ اضافی زمین کو بھی زیر کاشت لایا جائے گا۔
پشاور کے شہریوں کو 30 کروڑ گیلن پانی میسر ہو گا اور اس سے 52 ارب روپے سالانہ فائدہ ہوگا، ذرائع کے مطابق سی جی جی سی اور ڈیسکون کمپنی کا جوائنٹ وینچر اس منصوبے کو مکمل کرے گا۔












