قدرتی وسائل قدرت کی انمول نعمتوں میں سے ایک ہے۔ یہ گیس ہی ہے جو ہمارے چولہوں کو جلائے رکھتی ہے اور ہمارے گھر کی روشنیاں جو بجلی کے ذریعے ہم تک پہنچتی ہیں وہ بھی تو زیادہ تر گیس ہی سے بنتی ہے۔ پھر صنعتوں کو لے لیں وہ بھی گیس اور بجلی سے چلتی ہیں۔
سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ کیا ہم اس نعمت خداوندی کی قدر کر سکے؟ اس کا جواب نفی میں ہے۔ ماضی میں کثرت سے اور شاید اب بھی کسی حد تک صبح کے جلے چولہے رات کو بجھا کر سونے کا رواج یوں تھا کہ ماچس کی تیلی نہ استعمال کرنا پڑے۔ یہ ہماری لاپرواہی کا نتیجہ ہے کہ عالمی طور پر اب ہمیں خبردار کیا جا رہا ہے کہ ہمارے گیس سے بھرے کوئیں تیزی سے اختتام کی جانب رواں دواں ہیں۔
امریکی اقتصادی نشریاتی ادارے ’’بلوم برگ‘‘ کے مطابق تیزی سے بڑھتا قدرتی گیس کا عالمی بحران پاکستان میں روشنیاں بند کرنے کا باعث بن سکتا ہے۔ بلوم برگ نے یہ انکشاف بھی کیا کہ پاکستان اب این ایل جی درآمد کرنے والے دس بڑے ممالک کی فہرست میں شامل ہو چکا ہے۔












