قومی ایئرلائن ( پی آئی اے) نے بیجنگ-ٹوکیو سیکٹر کے لیے فلائٹ آپریشن آج (31 مئی) سے ہوگا۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق پی آئی اے کی جانب سے جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا کہ ‘ ایئرلائن اب ہفتہ میں دو مرتبہ جمعہ اور پیر کے روز اسلام آباد- بیجنگ- ٹوکیو پروازیں آپریٹ کرے گی’۔

بیان میں کہا گیا کہ ‘ جاپان سول ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے مسافروں اور کارگو سے متعلق حدود کی وجہ سے ٹوکیو سیکٹر کے لیے رواں برس فروری میں پروازیں معطل کردی گئی تھیں’۔

اس میں مزید کہا گیا کہ ‘ ماہانہ بنیادوں پر مسافر کا کوٹہ مکمل کرنے پر ایئرلائن کو ٹوکیو پرواز آپریٹ کرنے کی اجازت نہیں تھی۔
تاہم پی آئی اے کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ارشد ملک نے مذکورہ معاملے پر ٹوکیو میں متعلقہ حکام سے بات چیت کی اور طویل مذاکرات کے بعد قومی ایئرلائن کو ٹوکیو میں مسافروں اور کارگو بڑھانے کی اضافی اجازت دی گئی تھی۔

خیال رہے کہ رواں ہفتے وفاقی وزیر برائے ہوا بازی غلام سرور خان نے کہا تھا کہ آذربائیجان اور پاکستان کے درمیان براہ راست پروازوں کا آغاز جلد شروع ہوجائے گا۔

وفاقی وزیر برائے ہوا بازی نے مذکورہ بیان اسلام آباد میں آذربائیجان کے سفیر علی علی زادہ سے ملاقات کے دوران دیا تھا۔

ایوی ایشن ڈویژن کی جانب سے جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا کہ پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان براہ راست پرواز چلانے پر اتفاق ہوا ہے۔

SHARE

LEAVE A REPLY