سابق مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر ڈاکٹر محمد علی سیف نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی موجودہ قیادت میں تبدیلی کی اشد ضرورت ہے، پارٹی کے اندر سنجیدہ، تجربہ کار اور اہل رہنماؤں کو نظرانداز کیا گیا۔
جیونیوز سے ٹیلوفونک گفتگو میں سابق مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر ڈاکٹر محمد علی سیف نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان سے وکلا کی ملاقاتیں خوش آئند اور نیک شگون ہیں، امید ہے اب پی ٹی آئی کے خلاف سختیوں میں کمی آئے گی۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی موجودہ قیادت میں تبدیلی کی اشد ضرورت ہے، پارٹی کے اندر سنجیدہ، تجربہ کار اور اہل رہنماؤں کو نظرانداز کیا گیا ہے، پی ٹی آئی کو سنجیدہ اور باصلاحیت رہنماؤں کو دوبارہ آگے لانا ہوگا۔
بیرسٹر سیف کا کہنا تھا کہ پارٹی میں فیصلہ سازی کا عمل اہل اور تجربہ کار قیادت کے ہاتھ میں ہونا چاہیے، سنجیدہ قیادت سامنے آئے تو پارٹی کے اندرونی اختلافات اور گروپ بندی ختم ہوسکتی ہے اور اہل قیادت کی موجودگی سے پارٹی میں سیاسی انتشار کم کرنے میں مدد ملے گی۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کو موجودہ سیاسی صورتحال میں دانشمندانہ فیصلوں کی ضرورت ہے، پارٹی کو ذاتی اختلافات کے بجائے اجتماعی مفاد کو ترجیح دینی چاہیے، پارٹی کے اندر مشاورت اور اتفاق رائے کے کلچر کو فروغ دینا ہوگا۔












