وزیراعظم عمران خان نے وفاق اور دو صوبوں، پنجاب اور خیبرپختونخوا، کے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ وہ عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے منصوبہ تشکیل دیں اور بنیادی ضروریات کی اشیا کی قیمتوں کے استحکام کو یقینی بنائیں۔
ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق وزیراعظم کے دفتر میں ہونے والے ایک اجلاس کے دوران وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ’عام آدمی کو اضافی بوجھ سے بچانے کے لیے نظام بنانا چاہیے‘۔
اس کے ساتھ وزیراعظم نے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے ذخیرہ اندوزوں اور منافع خوروں کے خلاف کریک ڈاؤن کرنے کی بھی ہدایت کی۔
ان کا کہنا تھا کہ ہول سیل مارکیٹ میں قیمتوں کا جائزہ لینے کے لیے اچانک معائنہ کیا جائے اور عوام کو قیمتوں سے آگاہ رکھا جائے۔
اس کے ساتھ ہی انہوں نے ہول سیل مارکیٹ میں سبزیوں اور پھلوں کی نیلامی میں شفافیت کی ضرورت پر زور دیا تاکہ کوئی بھی کسانوں کو ان کی محنت کے صلے اور آمدنی سے محروم نہ رکھ سکے۔
اس کے ساتھ اجلاس کے شرکا نے ذخیزہ اندوزی اور منافع خوری پر قابو پانے کے لیے مارکیٹ کمیٹیوں کی تشکیل کی تجویز پر بھی تبادلہ خیال کیا۔












