امریکہ اور طالبان کے درمیان قطر کے دارالحکومت دوحہ میں بات چیت کا نواں اور تازہ دور ختم ہونے کے بعد امریکہ کے نمائندہ خصوصی برائے افغان مفاہمت زلمے خلیل زاد اتوار کو کابل پہنچے جہاں انہوں نے پیر کو افغان صدر اشرف غنی اور چیف ایگزیکٹو عبداللہ عبداللہ سے ملاقات کی ہے۔

افغان عہدیداروں کے مطابق اس ملاقات میں امریکی سفارت کار نے افغان قیادت کو اس مجوزہ معاہدے کا مسودہ بھی دکھایا جس پر امریکہ اور طالبان کے درمیان اتفاق رائے ہوا ہے۔

خلیل زاد نے ایک ایسے وقت افغانستان کی اعلیٰ قیادت سے ملاقات کی ہے جب افغانستان کے مختلف علاقوں میں افغان طالبان کے حملوں میں شدت آئی ہے۔

افغان صدر کے معاون وحید ایوب نے اپنے ٹوئٹر پر کہا ہے کہ امریکی سفارت کار خلیل زاد نے پیر کو افغان صدر اشرف غنی اور عبداللہ عبداللہ سے صدراتی محل میں ملاقات کی اور ان کے بقول خلیل زاد نے دونوں رہنماؤں کو امریکہ اور طالبان کے درمیان طے پانے والے مجوزہ سمجھوتے کا مسود دکھایا۔ گو افغان عہدیدار نے اس معاہدے کی تفصیل بیان نہیں کی ہے تاہم ان کے بقول افغان حکومت اس مسودے کا جائزہ لے گی اور زلمے خلیل زاد کے ساتھ تبادلہ خیال جاری رہے گا۔

SHARE

LEAVE A REPLY