آزاد کشمیر کے صدر سردار مسعود خان نے کہا ہے کہ کشمیری تنہا نہیں، 22 کروڑ پاکستانی ان کیساتھ ہیں۔ دنیا کی کوئی طاقت انھیں آزادی سے نہیں روک سکتی۔
لاہور میں ایک تقریب سے خطاب میں صدر آزاد کشمیر مسعود خان کا کہنا تھا کہ پاکستان جنوبی ایشیا میں جنگ نہیں چھیڑنا چاہتا لیکن ہم پر جنگ مسلط کی جا رہی ہے۔ بھارتی وزیر دفاع کی جانب سے جنگ کی دھکمیاں دی جا رہی ہیں۔ بھارت کا ایک وزیر کہتا ہے پاکستان میں دہشت گرد بھیجیں گے۔
سردار مسعود خان نے کہا کہ عالمی برادری بھارت کو روکے۔ اگر عالمی برادری بھارت کو نہیں روکے گی تو پوری دنیا کے لوگ جنگ سے متاثر ہونگے۔
ان کا کہنا تھا کہ کشمیر میں نہتے لوگوں پر فائرنگ کی جاتی ہے۔ کلسٹر بموں کے ذریعے نہتے کشمیریوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ پوری دنیا میں بھارت بے نقاب ہو چکا اور اپنا منہ چھپاتا پھر رہا ہے۔
صدر آزاد کشمیر کا کہنا تھا کہ سلامتی کونسل بین الاقوامی قانون کی حکمرانی کی ذمہ دار ہے لیکن سوال یہ ہے کہ اس نے اب تک اس اہم معاملے پر کیا کیا ہے؟












