سردی کا موسم,کشمیری چائے, تنویر روف

0
1432

سردی کا موسم جوبن پر ہے۔ کیوں نہ کشمیری چائے بنا کر پی جائے :

اگر میاں کا موڈ ہے سب کی تواضع کشمیری چائے سے کرنے کی تو،
ل وہ لباس کشمیری پہنیں یعنی لمبا چوغہ۔ اونی ٹوپی، اونی موزے۔ (اگر اونی موزے نہیں ہیں تو اپنےموزے توے پر گرم کر لیں)

اگر بیگم نے چائے بنانی ہے تو کشمیری کڑھائ والا گرم چوغہ۔ بڑے بڑے چاندی کے زیور، ماتھا پٹی، زنانی کشمیری منقش ٹوپی، بڑی سے چادر، آنکھوں میں سرمہ چہرے پر حیاء جو تمہارے چہرے کے پاس سے بھی کبھی نہیں گزری ہوگی۔ چلو تم غازہ لگا لینا۔

اجزاء،
1۔ مڑی تڑی سبز چائے کی پتی ایک ڈبہ۔
(جو بچ جائے گی وہ میں لے جاونگی۔)

2۔ میٹھی پینی ہے تو چینی آدھ پاو۔ نمکین کے لئے نمک باورچی خانہ سے لے لو۔۔

3۔ صحتمند تندرست موٹی بھینس کا خالص دودھ 2 کلو۔ دودھ مجھے بہت پسند ہے نا تو تم چائے بنانا میں دودھ پی لوں گی جب تک۔
بلی تو۔ نہیں ہے نا تمہارے گھر ؟ ؟
4۔ میوہ جات
5۔ کشمیری چائے پینے والے پیالے۔ گھر میں ہیں تو محلہ کس کام آئے گا۔ مانگ لو۔ مانگنے میں کیسی شرم۔
ہمارا ملک تو مانگ مانگ کر ہی 75 سال کا ہوا ہے ماشاءاللہ ۔

ترکیب؛

چلو اب چولہا جلاو۔ اوہو گیس تو حکومت نے بند کردی سردی میں جم جاتی ہے نا اس لئے۔ زندگی رہی تو شاید گرمی میں ہی گیس میسر آئے۔
چلو تم انگیٹھی جلا لو۔
پتیلی انگیٹھی پر رکھو۔ باولی حسینہ پانی بھی تو ڈالو پتیلی میں۔ نہ میرا دل جلاو نہ پتیلی۔ تمہارے جہیز کی پتیلی نہیں ہے نا اسی لئے درد نہیں۔
ارے ارے پانی ابل گیا۔ اس کو پھینک دو ۔
ٹھنڈے پانی میں پتی ڈالتے ہیں۔ چلو ایک مٹھی پتی لو۔ آدھی واپس ڈبے میں ڈالو۔ خود بھی عقل استمعال کر لیا کرو۔ چائے بنانی ہے یا سالن؟
شاباش اب الائچی خرد 2 عدد ڈال دو۔ جانتی ہو الائچی خرد کیا ہوتی ہے؟
اے بی بنو چھوٹی الائچی کو خرد کہتے ہیں۔
اب گھر میں پستہ بادام تو ہونگے وہ بھی کچل کر ڈال دو کیونکہ ہوایئاں تو تمہیں کاٹنی آتی نہیں مجھے یقین ہے۔ اے میاں اچھن دیکھو تو میری باتوں سے اسکا چہرہ کیسا لال و لال ہو رہا ہے نا۔ دعائیں دو مجھے۔
ہاں بھئ اب ایک کھانے کا چمچہ میٹھا سوڈا ڈالو تا کہ گلابی رنگ آئے۔ آے، ہائے ہائے ،،
چمچہ کہا تھا کفگیر نہیں۔ غارت کردی ساری محنت۔
چلو پھینک دو سب۔
شکر ہے دودھ بچ گیا۔ میں رات کو میوہ ڈال کر پی لونگی اور سکون کی نیند لوں گی۔
کچھ اور سیکھنا ہو تو بلا لینا۔
ماہر امور خانہ داری
تنویر روف

SHARE

LEAVE A REPLY