کوئٹہ کا راحت سینما۔ ایک یاد، سعیدہ نثار

0
1532

کوئٹہ کے پرنس روڈ پر واقع سینما ’برباد ٹاکیز‘ کا اصل نام پربھات ٹاکیز تھا جسے ناخواندہ لوگ عرف عام میں برباد ٹاکیز کہا کرتے۔ سینما ہال میں عمارت کی بیرونی دیوار پرلکڑی سے بنے انگریزی زبان کے بڑے بڑے حروف کو عمودی شکل میں ترتیب دے کر ’پربھات‘ نام آویزاں کیا گیا تھا۔ آزادی کے بعد نئے مسلمان مالک نے حروف پی اور بی نکال کر نئی ترتیب کے ساتھ پربھات کو راحت میں تبدیل کر دیا اور اس طرح اس نام کو پاکستانی لبادہ اوڑھا دیا۔

اس سینما ہال میں ایک مرتبہ فلم نوراسلام کی نمائش جاری تھی جس میں یہودی کا روپ دھارے اداکاروں نے سکرپٹ کے مطابق کچھ مکالمے ادا کیے۔ اگرچہ ان کے رد میں بہت خوبصورت اور مدلل الفاظ میں مسلمانوں کا روپ دھارے اداکاروں نے بڑے پرجوش مکالمے ادا کئے تھے مگر یہودیوں کے ڈائیلاگز نے فلم بینوں کے جذبات کو برانگیختہ کر دیا۔

وہ جمعے کا دن تھا نماز جمعہ کے بعد ایک جم غفیر نے سینما پر ہلہ بول دیا۔ تسلی بخش توڑپھوڑ کے بعد مذکورہ فلم کی تمام ریلوں کو کیفرکردار تک پہنچانے کے بعد ان ایماں کی حرارت والوں نے معاشرے کے ایک اور ناسور کو نیست ونابود کرنے کی خاطر سورج گنج بازار کے عقب میں واقع بازار حسن کا رخ کیا اور وہاں کے مکینوں کے زیرتصرف منقولہ سازوسامان کو مال غنیمت کا درجہ دے کر، نعروں کی گونج میں لحاف، گدیلا، سراہنا، تکیہ، چارپائی، نہانے کی بالٹی، لوٹا۔۔۔ غرض یہ کہ حسب استطاعت و ہمت جو کچھ جس کے ہاتھ لگا لے کر چمپت ہوا۔

کوئی ریڈیو، کوئی سارنگی، کوئی طبلہ بغل میں لیےتو کوئی سر پر ہارمونیم اٹھائے بھاگ لیا۔ بازار حسن پل بھر میں ویران ہو گیا۔ مکینوں کے کوچ کر جانے کے بعد پولیس نے بچا کھچا مال و متاع قبضہ سرکار میں لے کراپنی کارروائی کا آغاز کردیا۔

کوئٹہ کا راحت سینما — جس سے لوگوں کی کئی یادیں وابستہ ہیں – اب یہ بند ہو چکا ہے اور اس کی جگہ نرسری قائم ہے
اس کے احاطے میں داخل ہونے کے تین گیٹ تھے – دو سامنے سے اور ایک پیچھے سے – کوئی اچھی فلم ہوتی تو بہت ہی برے بورڈ لوہے کی سلاخوں یعنی گرل پر بھی لگائے جاتے تھے –
عجب خان — عادل — قیدی — اولاد – سہیلی — نیند – ہیر – ناگن – دال میں کالا -جھومر -بیجو باورہ — ملہار – بہت دن ہوئے – آہ – عدل جہانگیر – نور اسلام جیسی شاندار فلمیں اسی سینما میں نمائش کی گئیں

ہم سب بہنوں بھائیوں کی کیسی کیسی یادیں راحت سینما سے وابستہ ہیں

سعیدہ نثار۔وینکور ۔ کینڈا

SHARE

LEAVE A REPLY