پاکستان کے وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری اپنے بیانات کی وجہ سے مشہور ہیں اور ایک مرتبہ پھر وہ انہی بیانات کے باعث شدید تنقید کی زد میں ہیں۔
فواد چوہدری نے حال ہی میں ایک تقریب کے دوران کہا تھا کہ حکومت 400 محکمے ختم کر رہی ہے۔ اگر آپ نوکریوں کے لیے حکومت کی طرف دیکھنا شروع کردیں گے تو معیشت کا فریم ورک بیٹھ جائے گا۔
فواد چوہدری کا مزید کہنا تھا کہ دنیا میں حکومتیں چھوٹی ہوتی جارہی ہیں۔ یہ لوگوں کے ذہنوں میں ڈالنا ضروری ہے کہ نوکریوں کے لیے حکومت کی طرف نہیں دیکھا جاسکتا۔
حکمران جماعت تحریک انصاف کے سربراہ اور موجودہ وزیرِ اعظم عمران خان نے حکومت میں آنے سے قبل 50 لاکھ گھر اور ایک کروڑ نوکریاں دینے کا اعلان کیا تھا۔
اس تناظر میں فواد چوہدری کے ‘نوکریوں کے لیے حکومت کی طرف نہ دیکھنے’ کے بیان پر اُنہیں شدید تنقید کا سامنا ہے۔
فواد چوہدری کے اس بیان کے بعد سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر صارفین کی طرف سے ردعمل سامنے آرہا ہے۔ بعض صارفین نے اُنہیں مشورے دیے جب کہ بعض نے فواد چوہدری کو تحریک انصاف کے لیے ‘خطرہ’ بھی قرار دیا ہے۔












