لاہور ہائیکورٹ نے میڈیا اینکرز کے دوسرے ٹی وی شوز میں بطور مہمان شرکت پر پابندی سے متعلق پیمرا کے احکامات پر عمل درآمد روکتے ہوئے اسے معطل کر دیا ہے اور وفاقی حکومت اور پیمرا کو نوٹس جاری کردیے۔

جسٹس شاہد وحید نے ٹی وی شوز میں میڈیا اینکرز کے بطور مہمان شرکت پر پابندی کے خلاف دائر آئینی درخواست پر سماعت لاہور ہائی کورٹ میں کیجس میں درخواست گزار کی جانب سے وفاقی وزارت اطلاعات و نشریات اور پیمرا کو فریق بنایا گیا ہے۔

درخواست گزار نے دائر درخواست میں موقف اپنایا کہ پیمرا نے27 اکتوبر کو صحافیوں کےبطور تجزیہ کار دوسرےٹی وی شوز میں شرکت پر پابندی لگائی ہے۔

درخواست میں کہا گیا کہ پیمرا نے ٹی وی اینکرز پر شوز کے لیے مرضی کے مہمان بلانےپر بھی پابندی عائد کی، جبکہ پیمرا ہدایت میں صحافیوں کو ٹی وی شو میں زیربحث موضوع پر رائے دینے سے بھی روکا گیا ہے۔

درخواست گزار نے کہا کہ پیمرا کا ہدایت نامہ آئین کے آرٹیکل 9 سے متصادم ہے، پیمرا آرڈیننس کی دفعہ 27 کےتحت مخصوص حالات میں کسی ٹی وی پروگرام پر پابندی لگاسکتا ہے۔

درخواست میں استدعا کی گئی کہ حتمی فیصلے تک پیمرا کا ہدایت نامہ معطل کیا جائے اور صحافیوں کےٹی وی پروگراموں میں شرکت پر پابندی کے احکامات کالعدم قرار دیئے جائیں۔

عدالت نے درخواست گزار کے دلائل سننے کے بعد ٹی وی شوز کرنے والے اینکرز کے دوسرے شوز میں بطور مہمان تجزیہ کار شرکت پر پابندی کا نوٹیفکیشن معطل کر دیا۔

SHARE

LEAVE A REPLY