لاہور کی احتساب عدالت نے رمضان شوگر مل کیس میں مسلم لیگ نون کے صدر میاں شہباز شریف کے صاحبزادے، پنجاب اسمبلی میں قائدِ حزبِ اختلاف حمزہ شہباز شریف کے جوڈیشل ریمانڈ میں مزید 14 روز کی توسیع کر دی۔
احتساب عدالت لاہور میں میاں محمد شہباز شریف اور حمزہ شہباز کے خلاف رمضان شوگر مل کیس کی سماعت جج امجد نذیر چوہدری نے کی۔
سماعت کے دوران شہباز شریف کا میڈیکل سرٹیفکیٹ اور حاضری سے معافی کی درخواست پیش کی گئی۔
میاں شہباز شریف کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ شہباز شریف کمر میں تکلیف کی وجہ سے نہیں آ سکے۔
عدالت نے شہباز شریف کی حاضری معافی کی درخواست منظور کر لی اور سماعت مزید کارروائی کے لیے 12 نومبر تک ملتوی کر دی۔
عدالت نے آئندہ سماعت پر کیس کا مکمل ریفرنس دائر کرنے کا حکم دے دیا۔












