افغانستان سے امریکی انخلا کے بعد کابل سے پہلی کمرشل پرواز مسافروں کو لے کر دوحہ پہنچ گئی۔

خبرایجنسی کے مطابق کابل سے روانہ ہونے والی قطر ائیر لائن کی پہلی کمرشل پرواز 100 سے زائد مسافروں کو لے کر دوحہ پہنچی جس نے جمعرات کے روز حماد انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر لینڈ کیا۔

خبر ایجنسی کا کہنا ہےکہ کابل سے دوحہ ائیرپورٹ پہنچنے والی پرواز میں 113 مسافر سوار تھے جس میں کینیڈا، امریکا، یوکرین، جرمنی اور برطانیہ سمیت دیگر ممالک کے شہری شامل تھے، ان مسافروں کو دوحہ کے ذریعے منتقل کیا جارہا ہے اور کسٹم کلیئرنس کے بعد انہیں عارضی طور پر دوحہ میں رکھا جائے گا۔

اس سے قبل اعلیٰ قطری عہدیدار کا کہنا تھا کہ کابل ائیرپورٹ مکمل طور پر آپریشنل ہوچکا ہے، ائیرپورٹ 90 فیصد آپریشنز کے لیے تیار ہے تاہم اسے بتدریج کھولا جارہا ہے۔

قطری عہدیدار کا کہنا تھا کہ کابل ائیرپورٹ کا مکمل آپریشنل ہونا افغانتسان کی تاریخ میں ایک تاریخی دن ہے، ہم نے بہت سے مسائل کا سامنا کیا ہے مگر اب ہم کہہ سکتے ہیں کہ ائیرپورٹ جہازوں کی آمدورفت کے لیے بالکل فٹ ہے۔

دوسری جانب افغانستان کی عبوری حکومت کے نامزد نائب وزیر اطلاعات ذبیح اللہ مجاہد نے ائیرپورٹ کو آپریشنل بنانے میں مدد کرنے پر قطر کا شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے کہا کہ بہت جلد مستقبل قریب میں ائیرپورٹ کمرشل پروازوں سمیت ہر قسم کی پروازوں کے لیے تیار ہوگا۔

SHARE

LEAVE A REPLY