برطانوی اخبار ’دی گارجین‘ کی رپورٹ کے مطابق ورلڈ الیون لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں 4 ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کھیلے گی۔
میچز کے ذریعے آئی سی سی پاکستان میں سیکیورٹی کا مزید اندازہ لگائے گی جبکہ میچز کے بہترین انعقاد پر پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کی راہ ہموار ہوگی۔
رپورٹ میں کہا گیا کہ ورلڈ الیون کی غیر ملکی کھلاڑیوں پر مشتمل ٹیم دبئی میں 17 ستمبر کو تشکیل دی جائے گی، لاہور میں ٹی ٹوئنٹی سیریز کے چار میچز 22، 23، 28 اور 29 ستمبر کو کھیلے جائیں گے جبکہ سیکیورٹی کے اسی طرح کے انتظامات کیے جائیں گے جیسے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے فائنل کے لیے کیے گئے تھے۔
اس حوالے سے تفصیلات ابھی سامنے نہیں آئیں کہ ورلڈ الیون میں کون کون کھلاڑی شامل ہوں گے۔
پاکستان سپر لیگ کے چیئرمین نجم سیٹھی نے بھی ٹوئٹ کے ذریعے کہا کہ ’پی ایس ایل نے پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کے دروازے کھول دیئے ہیں اور آئی سی سی کی ورلڈ الیون ستمبر میں پاکستان میں 4 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے گی۔‘












