اسلام آباد کی احتساب عدالت نے نیب ریفرنسز میں سابق وزیر اعظم نواز شریف کے صاحبزادوں حسن اور حسین نواز کو اشتہاری قرار دینے کی کارروائی شروع کرنے کا حکم دیتے ہوئے مزید سماعت 13 اکتوبر تک ملتوی کردی۔
احتساب عدالت نےکیپٹن (ر) محمد صفدر کو 50 لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دے دیا جبکہ سابق وزیراعظم نواز شریف کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔
نیب نے حسین اور حسن نواز کی عدم گرفتاری کی رپورٹ بھی عدالت میں پیش کی اوردونوں ملزمان کو اشتہاری قرار دینے کی کارروائی کا آغاز کرنے کی استدعا کی، جس کے بعد احتساب عدالت نے تفتیشی افسر محمد کامران کا بیان قلمبند کیا۔
احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نیب کی جانب سے دائر 3ریفرنس پر سماعت کررہے ہیں۔
سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز اور داماد کیپٹن ریٹائرڈ محمد صفدر اسلام آباد کی احتساب عدالت میں پیش ہوئے جبکہ سابق وزیراعظم نواز شریف بیرون ملک ہونے کے باعث آج عدالت کے روبرو پیش نہیں ہوئے۔
مریم نواز پیشی کےلیےچودھری منیر کی رہائش گاہ سےاحتساب عدالت پہنچیں جبکہ نیب کی ٹیم کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کو ہائی ایس وین میں نیب آفس سے احتساب عدالت لائی۔
اس موقع پر سیکورٹی کے انتہائی سخت اقدامات کئے گئے تھے۔ آج جوڈیشل کمپلیکس کے باہر رینجرز تعینات نہیں تھی تاہم پولیس اور ایف سی کے ایک ہزار اہلکار وں نے سیکورٹی کے فرائض انجام دیئے۔
احتساب عدالت نے مریم نواز کو عدالت میں حاضری یقینی بنانے کے لئے 50 لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا ، ن لیگ کے رہنما طارق فضل چودھری نے ضمانتی مچلکے جمع کرائے جبکہ پرویز رشید اور آصف کرمانی نے بطور گواہ دستخط کیے۔
عدالت نے مریم نواز کو 53جلدوں پر مشتمل مقدمے کی نقول بھی فراہم کردیں۔
سماعت کے دوران احتساب عدالت نے کیپٹن صفدر کو جیل بھیجنے کی نیب کی استدعا مسترد کرتے 50لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض ضمانت منظور کرلی۔
عدالت نے کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کو آئندہ بیرون ملک جانے سے قبل عدالت سے اجازت لینے کی ہدایت کی ہے۔













