کراچی میں جاری 54 ویں نیشنل ایتھلیٹکس چیمپئن شپ کے پہلے روز واپڈا نے پانچ گولڈ میڈلز کے ساتھ برتری حاصل کرلی، شجر عباس اور فائقہ ریاض سو میٹر ریس جیت کر پاکستان کے تیز ترین مرد اور خاتون ایتھلیٹ بن گئے، سندھ اور ایچ ای سی نے بھی ایک ایک گولڈ میڈل حاصل کیا۔

این ای ڈی یونیورسٹی کراچی میں جاری نیشنل ایتھلیٹکس چیمپئن شپ میں واپڈا کے شجر عباس نے مردوں کی سو میٹر ریس دس اعشاریہ دو صفر سیکنڈز میں جیتی، خواتین کی سو میٹر ریس میں واپڈا کی فائقہ ریاض گیارہ اعشاریہ چھ صفر سیکنڈز کے ساتھ فاتح رہیں۔

خواتین کی پانچ ہزار میٹر واک ریس میں سندھ کی ماہ نور فاطمہ نےگولڈ میڈل جیتا، مردوں کی بیس ہزار میٹر واک ریس میں واپڈا کے محمد وقاص نے پہلی پوزیشن حاصل کی۔

خواتین کے شاٹ پٹ مقابلے میں ایچ ای سی کی خدیجہ مہرین نےگولڈ میڈل اپنے نام کیا، خواتین کی پندرہ سو میٹر ریس میں واپڈا کی نازیہ احسان جبکہ مردوں کی پندرہ سو میٹر ریس میں واپڈا کے سہیل عامر فاتح رہے۔

چیمپئن شپ کا افتتاح صوبائی وزیر سعید غنی نے کیا جبکہ اولمپک گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم نے چیمپئن شپ کی مشعل روشن کی۔

SHARE

LEAVE A REPLY