جانور سے بھی بدتر انسان۔۔۔۔۔ ڈاکٹر نگہت نسیم

1
2129

یہ ایک الگ سا کام نہیں بلکہ دھندا شروع ہو چکا ہے کہ معصوم جانوروں کو اپنی مخالف پارٹی کا جھنڈا پہنا کر اذیتیں دے دے کر مار دیتے ہیں جیسے انتخابات کے دوران ایک معصوم گدھے کو اندھا کر دیا گیا تھا اور کل فیس بک پر ایک وڈیو گردش میں رہی جسے پورا دیکھنا میرے بس میں تھا ہی نہیں ۔۔ اس میں کتے کو جھنڈا پہنا کر گولی سے مار دیا اور لوگ اسے تڑپتا دیکھتے رہے ۔۔۔ جس نے وڈیو لیک کی اس کا مطالبہ تھا کہ “ کیپٹن عمران خان اپنے لوگوں کو جانوروں سے محبت بھی سکھاؤ دو“ جبکہ جھنڈا تحریک انصاف کا کتے کو پہنایا ہوا تھا ۔ خیر مجھے اس سے کوئی غرض نہیں جھنڈا کس جماعت کا تھا ۔۔۔۔ لیکن یہ سوچ کر انسانی سوچ پر دکھ ہوا کہ کیا تمہیں عمران خان یا نواز شریف نے کہا تھا کہ اس معصوم کو مارو ۔

عالمی اخبار کی خبر “ ڈپٹی کمشنر محمد علی اصغر کے مطابق بنوں کے علاقہ جانی خیل میں فائرنگ کرکے کتے کو مارنے کے واقعہ میں ملوث دو افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔کتے کو ایک سیاسی پارٹی کا جھنڈا پہنا کر گولیاں مار دی گئی تھیں۔۔۔۔“

سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی وڈیو پر دھواں دھار باتیں ہو رہی ہیں ۔۔ پر سچ تو یہ ہے بچوں کی تربیت ان کے والدین ، ان کے اساتذہ اور ماحول سے ہوتی ہے ۔ ہم یہ زمیداری براہ راست کسی بھی لیڈر پر نہیں رکھ سکتے ۔۔ اس کے ماں باپ کا قصور ہے جو ایسے ظالم اور بے حس بچے کو پیدا کر کے تربیت نہیں دے پاتے ۔۔اساتذہ کا قصور ہے جو ایسے رویوں کی نشاندہی نہیں کرتے یا بچوں کے بدلتے رجحان جاننے کے لئے ان کی اپنی کوئی تربیت نہیں ہوتی ۔۔ عمران ہو کہ کوئی اور لیڈر وہ انسان ہیں خدا نہیں جنہیں ہر انسان کے اردے اور کاموں کا پہلے سے علم ہو ۔

جب لوگوں میں ضمیر اور خود احتسابی کا شعور ہی نہیں جیسے بیدار کرنا والدین اور اساتذاہ کا کام ہے اس میں نواز ہو کہ زرداری یا عمران کسی پر الزام رکھنا شدید زیادتی ہے ۔ اپنی زمیداریوں کو دوسروں کے سر پر ڈال کر بری الذمہ ہونے والی عادت اور سوچ ہمیں بربادی کے انتہا تک لے آئی ہے ۔ ایسی سوچ اور اس پر عمل کرنے سے کوئی لیڈر نہیں والدین اور اساتذہ کی تربیت بدنام ہوتی ہے ۔

دوستو ۔۔!
یہ صرف پاکستان ہے جہاں ایسا کرنے سے مجرم بچ نکلتے ہیں اور اپنا گناہ لیڈر کے سر پر تھوپ کر بے ضمیر ہو جاتے ہیں ۔۔اور انسان کی یہی بے ضمیری اس کے ظلم کو انتہا تک بڑھا کر سائیکو پیتھ بنا دیتی ہے۔ یقین کیجئے جب تک انسانوں کو اپنی اپنی انفرادی زمیداریوں کا احساس اور شعور نہیں ہوگا جب تک اس خطے پر کچھ نہیں بدل سکتا ۔۔ چاہے آپ کوئی فرشتہ صفت لیڈر بھی لے آیئے تب بھی بے ضمیر بے شعور انسانوں میں شعور کی بھرپائی نہیں ہو سکتی ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

یاد رکھئے جانوروں سے حسن سلوک اور رحمدلی لیڈر نہیں سکھاتے ۔۔۔ گھر، اسکول اور ارد گرد کے ماحول کی تربیت ہوتی ہے ۔۔ ہم سب کو ایسی کریہہ حرکتوں کی مذمت کر کے معاشرے کی تربیت میں ضرور حصہ لینا چاہیئے ۔۔۔

SHARE

1 COMMENT

  1. بہت دردردناک بات ہے۔ بلکہ خوفناک
    ظلم ہی قومی تشخص بن چکا ہے۔
    اللہ تعالی ہدایت دے۔آمین
    اہم موضوع چنا ہے۔

LEAVE A REPLY