حکومت سے کامیاب مذاکرات کے بعد تحریک لبیک نے ملک بھر سے دھرنے ختم کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
اس حوالے سے تحریک لبیک کے رہنماؤں علامہ خادم حسین رضوی اور پیر افضل قادری نے چیئرنگ کراس لاہور میں پریس کانفرنس کی۔
ان کا کہنا تھا کہ مذاکرات میں سیکرٹری داخلہ، وزیر مذہبی امور، صوبائی وزیر قانون اور دیگر موجود تھے۔ کچھ باتیں لکھی گئیں اور کچھ زبانی ہوئیں۔ گرفتار تمام کارکنوں کو رہا کر دیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ جہاں جہاں لوگ بیٹھے ہیں پرامن طور پر منتشر ہو جائیں۔
قبل ازیں وفاقی حکومت اور اسلام آباد میں ہونے والے تحریک لبیک کے دھرنے کے مظاہرین کے مابین معاملات طے پاگئے تھے اور پانچ نکاتی معاہدہ طے پایا تھا،جس میں کہا گیا ہے کہ آسیہ مسیح کے مقدمے میں نظر ثانی اپیل دائر کردی گئی ہے، جو مدعا علیہان کا قانونی حق و اختیار ہے جس پر حکومت کو کوئی اعتراض نہیں ہوگا۔













