امریکہ کے ایک تھنک ٹینک نے تنبیہ کی ہے کہ کشمیر کی حالیہ صورت حال کے باعث بھارت اور پاکستان کے درمیان جوہری جنگ کے خطرات بڑھ گئے ہیں۔
معروف جیو پولیٹیکل انٹیلی جنس پلیٹ فارم ‘اسٹارٹ فار’ نے اپنی رپورٹ میں تنازع کشمیر کو بھارت کا اندرونی معاملہ یا پاکستان و بھارت کا باہمی تنازع قرار دینے کے برعکس عالمی امن اور سلامتی کا مسئلہ گردانا ہے۔
بھارت کے وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے 16 اگست کو ایک بیان میں کہا تھا کہ نئی دہلی اب تک جوہری ہتھیار پہلے استعمال نہ کرنے کی پالیسی (نو فرسٹ یوز پالیسی) پر عمل پیرا تھا تاہم مستقبل میں اس حوالے سے فیصلہ حالات پر منحصر ہے۔ اس بیان کا حوالہ دیتے ہوئے رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ جنوبی ایشیا کی دو جوہری طاقتوں کے درمیان ایٹمی جنگ کا خدشہ بڑھ گیا ہے۔
کشمیر کا ذکر کرتے ہوئے رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ متنازع علاقے میں جاری کشیدگی جنوبی ایشیا میں جوہری ہتھیاروں کے لیے چنگاری بن سکتی ہے۔
واضح رہے کہ راج ناتھ سنگھ نے یہ بیان ایک ایسے وقت میں دیا تھا جب بھارت نے صرف چند روز قبل پانچ اگست کو نئی دہلی کے زیر انتظام کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کے لیے آئین کے آرٹیکل 370 کو منسوخ کیا تھا جس پر پاکستان نے شدید رد عمل ظاہر کیا۔
بھارت کی جانب سے پانچ اگست کو ریاست کی خصوصی آئینی حیثیت ختم کرنے کے اقدام کے بعد سے کشمیر میں حالات کشیدہ ہیں۔ 20 روز گزرنے کے باوجود معمولات زندگی بحال نہیں ہو سکے ہیں۔ کئی علاقوں میں متواتر کرفیو نافذ رہا ہے جبکہ عید اور جمعے کو نماز کے لیے بڑے اجتماعات کی بھی اجازت نہیں دی گئی تھی۔












