وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے بھارتی فضائیہ کی جانب سے لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاک فوج ملک کے دفاع کے لیے ہر دم تیار ہے اور بھارت کو منہ کی کھانی پڑے گی۔
واضح رہے کہ بھارتی ایئرفورس کے طیاروں نے لائن آف کنترول کی خلاف ورزی کرتے ہوئے آزاد کشمیر کے علاقے میں دراندازی کی کوشش کی تھی، جس پر پاک فضائیہ نے بروقت ردعمل عمل دیتے ہوئے دشمن کے طیاروں کو بھاگنے پر مجبور کردیا تھا۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے بھارتی دراندازی کے بعد جاری بیان میں کہا کہ بھارت میں انتخابات کے باعث خطے کا امن تباہ ہو رہا ہے اور وہ مستقل پاکستان کو تنہا کرنے کی دھمکیاں دے رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ میں نے گزشتہ شب بھی کہا تھا کہ قوم کو گمراہ نہیں کروں گا، لہٰذا میں واضح کردوں کہ پاکستان پر خطرات کے بادل منڈلا رہے ہیں اور ملک کو تیار رہنا ہوگا۔
تاہم انہوں نے واضح کیا کہ قوم کو گھبرانے کی ضرورت نہیں کیونکہ ملک کے محافظ کسی بھی قسم کی جارحیت کا جواب دینے کے لیے ہر گھڑی تیار ہیں۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ بھارت کے مقاصد اور عزائم کو سمجھنا ہوگا کیونکہ ان کی حکمت عملی ہے کہ وہ پاکستان کو سفارتی طور پر تنہا کرے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم نے دہشت گردی کی بھاری قیمت ادا کی ہے اور ہم امن سے رہنا چاہتے ہیں، اسی لیے بھارت کو خبردار کرتا ہوں کہ ہمیں مت للکارو ورنہ تمہیں منہ کی کھانی پڑے گی۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ پاک فوج ملک کے دفاع کے لیے ہر دم تیار ہے اور وہ پاکستان کے چپے چپے کا دفاع کرنے کی صلاحیت اور اپنے دفاع کا حق رکھتے ہیں۔
انہوں نے پڑوسی ملک کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ ہوش کے ناخن لے اور پاکستان کو چیلنج نہ کرے ورنہ اسے منہ کی کھانی پڑے گی۔
دوسری جانب موجودہ صورتحال کے پیش نظر شاہ محمود قریشی نے وزارتِ خارجہ میں ہنگامی اجلاس طلب کر لیا ہے جس میں سابق خارجہ سیکریٹریز اور سینئر سفارت کار شرکت کریں گے۔













