ہالینڈ میں ٹرام پر فائرنگ، تین افراد ہلاک، 9 زخمی

0
844

ہالینڈ کے شہر اٹریکٹ کے رہائشی علاقے میں ایک ٹرام پر فائرنگ کے واقعے میں تین افراد ہلاک اور 9 زخمی ہو گئے ہیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ زخمی افراد کو فوری طبی امداد دینے اور اُنہیں علاج کیلئے ہسپتال منتقل کرنے کی خاطر تین خصوصی ہیلی کاپٹر استعمال کئے جا رہے ہیں۔۔ پولیس نے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ متاثرہ علاقے سے دور رہیں تاکہ امدادی کارکن اپنا کام مناسب انداز میں کر سکیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ اُس نے مذکورہ علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے اور اس واقعے کی باقاعدہ تحقیقات شروع کر دی گئی ہے۔ پولیس کے مطابق اس واقعے کے تمام ممکنہ محرکات کا جائزہ لیا جا رہا ہے جس میں دہشت گردی بھی شامل ہے۔

مقامی پولیس کے ترجمان کا کہنا ہے کہ فی الوقت کسی بھی مشتبہ شخص کو گرفتار نہیں کیا گیا ہے۔ تاہم اطلاعات کے مطابق پولیس اس حملے کے شبہ میں ایک 37 سالہ ترکی نژاد شخص کو تلاش کر رہی ہے۔ پولیس نے لوگوں سے کہا ہے کہ وہ گوکمین طانس نامی اس شخص پر نظر رکھیں اور اگر وہ کسی کو دکھائی دے تو فوراً پولیس کو اطلاع کریں۔

ہالینڈ کے وزیر اعظم مارک رتے نے ایک بیان میں اس واقعہ پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔ ملک میں ہنگامی صورت حال کا اعلان کر دیا گیا ہے۔

مقامی میڈیا کا کہنا ہے کہ انسداد دہشت گردی سے متعلق پولیس یونٹ بھی جائے واردات پر موجود ہے اور امدادی کارکن اور ایمبولینسیں زخمیوں کی مدد کر رہی ہیں۔

SHARE

LEAVE A REPLY