مصری حکومت نے امریکا کے عرب اتحادیوں کے ممکنہ اتحاد سے دوری اختیار کر لی ہے۔ چار مختلف ذرائع نے قاہرہ حکومت کے اِس فیصلے کی تصدیق کی ہے۔ امریکا نے مغربی دفاعی اتحاد کی طرز ایرانی اثر و رسوخ کو محدود کرنے کے لیے ’مشرق وسطیٰ اسٹریٹیجک الائنس‘ کو تجویز کر رکھا ہے۔ مصر نے اتوار چودہ اپریل سے سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں شروع ہونے والے ’میسا‘ کے اجلاس میں اپنا وفد نہ بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ قاہرہ نے اپنے اس فیصلے سے امریکا اور سعودی عرب کو مطلع کر دیا ہے۔ مصر کے اس فیصلے کو امریکی کوششوں کے لیے ایک دہچکا قرار دیا گیا ہے۔












