طارق بٹ ۔آسمان سے گرا کھجور میں اٹکا

0
814

انتخابات کے بعد ملکی سیاسی صورتحال سے آپ اچھی طرح آگاہ ہیں اس لئے ناچیز آپ کا قیمتی وقت ضائع نہیں کرنا چاہے گا موضوع بحث ملکی اور بین الاقوامی سطح پر انتہائی معروف اور مغرور سیاسی شخصیت چودھری نثار علی خان رہیں گے کہ علاقے بھر کے عوام کی ان کے ساتھ محبت اور علاقے بھر میں ان کے کئے ہوئے ترقیاتی کام کسی سے پوشیدہ نہیں ۔ اپنے سابقہ قائد اور دوست میاں محمد نواز شریف کو مشکل ترین حالات میں چھوڑ کر اپنی علیحدہ ڈھوک بسانے کے بعد جب موصوف نے یکمشت دو صوبائی اور دو قومی اسمبلی کے حلقوں میں چھلانگ لگائی تو فخر ، غرور اور تکبر کی انتہاوں کو چھونے والے دعوے کیئے۔ کوئی چیونٹی اور چیونٹا مجھے سیاست سکھانے کی کوشش نہ کرے۔ میرا موازنہ ان سے نہ کیا جائے جنہوں نے کبھی زندگی میں کونسلر تک کا الیکشن نہیں لڑا ۔ میں کسی کے ٹکٹ کا محتاج نہیں وغیرہ وغیرہ ۔ جتنا متکبرانہ لہجہ محترم کا انتخابات کے دوران رہا اس کا کسی اور سے تصور بھی نہیں کیا جا سکتا اور جیسی سہولیات ان انتخابات کے دوران چودھری نثار علی خان کو فراہم رہیں وہ بھی اپنی مثال آپ ہیں ۔ این اے 63 آپ کا آبائی حلقہ اسی طرح این اے 59 بھی آپ کے مخالف امیدوار غلام سرور خان کے لئے اجنبی جہاں ان کا نہ کوئی دھڑا اور نہ ہی کوئی اثر و رسوخ ۔ ان دونوں حلقوں میں نواز شریف اور شہباز شریف کی دوستی کی بدولت چودھری نثار علی خان کو ایسا کھلا ہاتھ اور ماحول فراہم رہا کہ آپ نے نہ صرف اربوں روپے کی گلیاں، نالیاں اور سڑکیں تعمیر کروائیں بلکہ آپ کے راستے کی رکاوٹ بننے والا واحد کانٹا قمر الاسلام راجہ کی صورت میں نیب کے ذریعے نکال دیا گیا مزید پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے آپ کے ساتھ دوستی کے ثبوت کے طور پر پی پی 10 میں محترمہ نوید سلطانہ راجہ کی صورت میں ایک ایسا کمزور امیدوار عین آخری لمحات میں آپ کے مقابل اتارا کہ آپ کا راستہ بالکل صاف ہو گیا ۔ محترمہ کے طویل عرصے سے اسلام آباد میں قیام اور اپنے آبائی علاقے ساگری سے کوئی رابطہ نہ رکھنے کی وجہ سے علاقے بھر میں شناسائی نہ ہونے کے برابر تھی ۔ مزید برآں چک بیلی خان سے پاکستان تحریک انصاف کے قدیمی اور انتہائی سرگرم رہنما چودھری امیر افضل نے پاکستان تحریک انصاف نظریاتی اور چودھری محمد افضل آف پڑیال نے آزاد حیثیت میں لنگوٹ کس کے پاکستان تحریک انصاف کے ووٹر کو ایک ایسے امتحان سے دوچار کر دیا کہ کامیابی صرف اور صرف چودھری نثار علی خان کا ہی مقدر بن سکتی تھی ۔ یوں یہ واحد نشست پی پی 10 آسمان سے گرتے ہوئے چودھری نثار علی خان کے لئے اس کھجور کی مثل ثابت ہوئی جس نے انہیں زمین پر گرنے سے محفوظ رکھا ورنہ قومی اسمبلی کے دونوں حلقوں میں غلام سرور خان نے آپ کو چاروں شانے چت کر دیا تھا اور پی پی 12 میں کل کے غیر سیاسی بچے بیرسٹر واثق قیوم نے آپ کو یوں ٹانگوں سے پکڑ رکھا تھا کہ آپ ایک قدم بھی اٹھاتے تو ناک کے بل زمین پہ گر پڑتے ۔

اپنی ذات کے سحر میں گم اور شخصیت کے گرد ایک پختہ حصار بنا کر سیاسی زندگی گزارنے والے چودھری نثار علی خان نے اپنے ساتھ بے انتہا محبت کرنے والے حلقے کے عوام سے اس قدر فاصلہ رکھا کہ ان کے جسموں کی بو کبھی بھی ان کے نتھنوں تک نہ پہنچ پائی ۔ مگر فاصلے بڑھتے چلے گئے ۔ یوں اپنی ذات کو انجمن سمجھنے والے نے جماعت کو آوٹ کر کے ذات کو اتنا ان کر لیا کہ اب نہ جماعت رہی اور نہ ہی سیاسی ذات۔ اس قلم کار نے بار بار گذارش کی کہ موج دریا میں ہوتی ہے بیرون دریا کچھ نہیں مگر طوطی کی آواز نقار خانے میں کون سنتا ہے ۔ آپ نے اگر Surf Rider کو لکڑی کے تختے پر سمندر سے اٹھنے والی موجوں کے ساتھ اٹھکھیلیاں کرتے دیکھا ہو تو چودھری نثار علی خان کی کیفیت کو اچھی طرح سمجھ پائیں گے کہ اس وقت کھلاڑی یہ سمجھ رہا ہوتا ہے جو کچھ ہے بس یہ موج ہے دریا یا سمندر کچھ حیثیت نہیں رکھتا مگر دریا یا سمندر اپنی طاقت سے جس موج کو اچھالتا ہے واپس سانس کھینچنے پر وہ بلند ہوتی موج دریا میں آ گرتی ہے اصل طاقت موج میں نہیں بلکہ دریا میں ہوتی ہے دریا سے باہر ایسی موجوں کو زمین اپنے اندر جذب کر لیا کرتی ہے ۔اور مختصر سے وقت کے بعد موج کی تراوٹ کا بھی زمین پر کوئی نشان باقی نہیں رہتا۔

فخر ، غرور اور تکبر ویسے بھی ایسی صفات ہیں جو سوائے رب کائنات کی ذات کے اور کسی کو نہیں جچتیں ۔ انسان خصوصا سیاستدان کو تو عاجزی کی انتہاوں کو اپنانا چاہئے کہ عجز رب کائنات کو بے حد پسند ہے ویسے بھی سیاست دان پبلک پراپرٹی ہوتا ہے جیسے گھوڑا گھاس کے بغیر نہیں رہ سکتا ویسے ہی سیاست دان عوام کے بغیر اور ان سے دور رہ کر سیاسی زندگی کا تصور بھی نہیں کر سکتا ۔ ضد اور انا کے مارے چودھری نثار علی خان کو اپنے معاملات کا از سر نو جائزہ لینا ہو گا اور اس جماعت کو اہمیت دینا ہو گی جس کی ایک ایک اینٹ انہوں نے نواز شریف کے ساتھ مل کر لگائی ہے ۔ اصول انسانوں کے لئے ہوتے ہیں انسان اصولوں کے لئے نہیں اپنا موقف ڈٹ کر بیان کرنے کی عادت بہت اچھی ہے مگر دوسرے کا موقف سننے کی عادت بھی اپنانا چاہیے جمہوریت میں ووٹوں کو گنا جاتا ہے تولا نہیں جاتا ۔ چودھری صاحب اگر ہر وقت قیادت اور جماعت کو اپنے وزن کا احساس دلاتے رہیں گے تو پھر گنتی سے نکلنا فطری ہو گا اور گنتی سے نکل کے انہوں نے دیکھ ہی لیا کہ انجام کیا ہوتا ہے اس بار تو جناب کو آسمان سے گرتے ہوئے کھجور نے سہارا دے دیا ممکن ہے کہ اگلی بار کھجور بھی درمیان سے نکل جائے اور جناب سیدھے زمین پر آ رہیں ۔۔۔

SHARE

LEAVE A REPLY