چھ جولائی ۲۰۱۹ بروز ہفتہ مشہور برطانوی تاریخی شہر کیمبرج میں برطانیہ کی پہلی ایکو فرینڈلی (ماحول دوست) مسجد میں لندن سے علماء کرام اور زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے معززین کے وفد کا مسجد انتظامیہ کی خصوصی دعوت پر دورہ ۔
اس دورہ کے محرک بنے عالمی مبلغ اسلام محترم مولانا سہیل باوا صاحب اور اس کی قیادت فرمائی مشہور عالمِ دین اور اسلامک اسکالر حضرت مفتی عبدالوہاب صاحب نے۔
وفد میں اسلام چینل کے سہیل ضرار خلش،ریڈیو پریزینٹر عابد علی بیگ چینل چوالیس کی ڈاکٹر نیلم فواد، ہیز اسلامک سینٹر سے مولانا عبدالخالق ، ضیاء الرحمن اور طاہر صاحب جبکہ نیو ہیم کے کونسلرز اور معززین کے علاوہ نیو ہیم چرچ کے نوجوان پادری ریو میکس شامل تھے ۔
وفد کا استقبال مسجد کے امام سعید (فرام بوسنیا) نے کیا ۔ اور نمازِ ظہر کے بعد مسجد کا تفصیلی دورہ کروایا۔
لندن سے آنے والے وفد کی خوش نصیبی رہی کہ اس موقع پر کینیڈا سے شیخ الاسلام محترم ڈاکٹر طاہر القادری صاحب بھی مسجد کا دورہ کررہے تھے ۔ڈاکٹر صاحب نے بہت خوش دلی سے سب سے ملاقات کی اور مسجد کے بارے میں اپنے دلی جذبات کا اظہار کیا۔
مسجد کے ترجمان ڈاکٹر عبدالحکیم مراد کا کہنا ہے کہ یہ مسجد فرقہ واریت اور مسلک سے بالاتر ہوکر ہر مسلم کو قبلہ رو ہو کر اللہ کی عبادت کرنے کا حق دیتی ہے ۔ یہ مسجد مسلم اور غیر مسلم کو قریب لانے میں پل کا کردار ادا کررہی ہے۔ اس مسجد کا ہر دن “اوپن ڈے” ہے اور دنیا کے کونے کونے سے لوگ اس مسجد کا دورہ کررہے ہیں جو کہ اسلام کے فروغ کا ذریعہ بھی بن رہی ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہمسجد کی تعمیر 12 سال میں مکمل ہوئی اور اس پر23 ملین پاؤنڈز کی لاگت آئی ہے۔
اس مسجد کی تعمیر کروانے والے معروف سابق گلوکار کیٹ سٹیونز ہیں جنہوں نے اسلام قبول کرنے کے بعد اپنا نام یوسف اسلام رکھا، ان کا ساتھ کیمبرج یونیورسٹی میں اسلامک اسٹڈیز کے لیکچرار اور معروف سکالر ٹم ونٹر دیا۔ یوسف اسلام نے مسجد کی تعمیر کیلئے چندہ جمع کرنے ترکی بھی گئے تھے جہاں ان کی ملاقات ترک صدر سے یوئی۔کیمرج جیسے تاریخی شہر میں قائم کی جانے والی اس ماحول دوست مسجد کو یورپ کی سب سے خوبصورت مساجد میں سے ایک قرار دیا جا رہا ہے۔
اس کی ایکو فرینڈلی خصوصیات میں
1.استعمال شدہ پانی کی ری سائیکلنگ،
2.بارش کا پانی جمع کرنا اور استعمال میں لانا
3.ماحول دوست ہیٹ پمپس
4.گرین روف جو قدرتی نباتات کے ذریعے صحت مند ماحول مہیا کرنےاور گرمی کی شدت کو کم کرنے کے ساتھ ساتھ جمالیاتی حسن بخشتی ہیں
5.اسکائی لائٹس یعنی سورج کی روشنی کے ذریعے مسجد کو روشن کرناشامل ہیں ۔مسجد کی چھت اس طرز پر ڈیزائن کی گئی ہے کہ روشنی اندر آتی رہے اور بجلی کی ضرورت کم سے کم پڑے۔
۶. مسجد میں استعمال ہونے والی لکڑی سوئٹزرلینڈ کے جنگلات سے لی گئی ہے۔ مسجد کا نقشہ تیارکرنے والے آرکیٹیکٹ اسے 21 ویں صدی کے برطانیہ میں اسلام کا ثقافتی پل قرار دے رہے ہیں۔
مسجد کے باہر وقت گزاری کیلئے ایک خوبصورت گارڈن بھی تعمیر کیا گیا ہے، مسجد کی خاص بات لکڑی کا کام ہی ہے۔ درخت کی طرح سے بنائے گئے لکڑی کے کالم اوپر جا کرچھت کے ساتھ لگتے ہیں اور بالکل ایک کنوپی کا سا ڈیزائن تشکیل دیتے ہیں اور یہ اسٹرکچر اندر باہر ہر جگہ موجود ہے۔
اس مسجد کو ڈیزائن کرنے والے ایوارڈ یافتہ آرکیٹیکٹ ڈیوڈ مارکس اور ان کی پارٹنر جولیا بارفیلڈ کی کمپنی مارکس بارفیلڈ آرکیٹیکٹس ہیں جنہوں نے تعمیر میں اسلامک آرکیٹیکٹ اور کیمرج کے فن تعمیر کے علاوہ دیگر ضروریات کا بھی خاص خیال رکھا ہے۔ کسی نخلستان کی مانند اس پراجیکٹ میں کوئی مینار نہیں نہ ہی اذان یا خطبے کی آواز باہر جاتی ہے۔ مسجد کی خاص بات ترکی کے ماہر خطاط کاکیا جانے والا کام ہے۔اس خوبصورت مسجد میں تقریبا ایک ہزار نمازیوں کی گنجائش ہے جبکہ زیر زمین پارکنگ کیلئے مختص جگہ میں 82 گاڑیاں اور 300 سائیکلیں کھڑی کرنے کی گنجائش ہے۔

یہ مسجد جدید اور روایتی اسلامی طرزِ تعمیر دونوں کو مدِ نظر رکھ کر بنائی گئی ہے اور اس مسجد سے برطانیہ میں اسلام کو سمجھنے اور اُس کو فروغ دینے میں بہت مدد ملے گی۔
مقدسہ بانو
سہیل ضرار خلش













