اسلام آباد ہائی کورٹ نے شہری حسیب حمزہ کی گمشدگی کے کیس کی تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے معاملہ نمٹا دیا ہے۔

اسلام آباد ہائی کورٹ میں شہری حسیب حمزہ کے لاپتا ہونے سے متعلق دائر درخواست کی سماعت آج بروز بدھ 14 ستمبر کو ہوئی۔ درخواست کی سماعت چیف جسٹس اطہر من اللہ نے کی۔

اس موقع پر بازیاب ہونے والے شہری حسیب حمزہ کو عدالت میں پیش کیا گیا۔ عدالت نے شہری حسیب حمزہ سے استفسار کیا کہ آپ کو کس نے اغوا کیا تھا ؟ جس پر شہری حسیب حمزہ نے عدالت کو بتایا کہ میری آنکھوں پر پٹی بندھی تھی، میں نہیں جانتا کہ مجھے کس نے اغواء کیا۔

دوران سماعت چیف جسٹس اطہر من اللہ نے ہدایت دی کہ آئی جی اس معاملے کی تحقیقات کی خود نگرانی کریں، عدالت کو توقع ہے کہ ماضی کے برعکس اتھارٹیز اس مرتبہ اپنا آئینی فریضہ ادا کریں گی۔

عدالت نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ حسیب حمزہ کی گمشدگی نے سنجیدہ سوالات کو جنم دیا ہے، تحقیقات ہونی چاہئیں کہ شہری کو کس نے اغوا کیا تھا۔ اس موقع پر عدالت نے کیس نمٹاتے ہوئے کیس کی تحقیقات کا حکم دے دیا۔

SHARE

LEAVE A REPLY