کشمیر میں 3800 گرفتاریاں کیں، 2600 رہا کر دیے، بھارتی حکام

0
807

بھارت کے سرکاری اعداد و شمار کے مطابق بھارت کے زیر انتظام کشمیر میں گذشتہ ماہ خصوصی حیثیت کو تبدیل کر کے امن و امان قائم رکھنے کے لیے لگ بھگ 4,000 افراد کو گرفتار کیا گیا۔ یہ کشمیر میں گرفتاریوں سے متعلق بھارتی حکومت کے جاری کردہ پہلے اعداد و شمار ہیں۔

بھارتی حکومت کا کہنا ہے کہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کے خاتمے سے یہ علاقہ بھارتی معیشت کا حصہ بن جائے گا جس سے سب کو فائدہ ہو گا۔

بھارتی حکام نے کشمیر میں احتجاجی مظاہرے روکنے کے لیے انٹرنیٹ اور موبائل سروس معطل کر دی تھی اور ریاست کے بیشتر علاقوں میں کرفیو نافذ کر دیا تھا۔

نیوز ایجنسی رائٹرز کے مطابق 6 ستمبر کو جاری ہونے والی سرکاری رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ کشمیر میں 3,800 فراد کو گرفتار کیا گیا تھا جن میں سے 2,600 کو رہا کیا جا چکا ہے۔

رائٹرز نے بھارت کی وزارت داخلہ کی ترجمان اور جموں اور کشمیر کی پولیس سے رابطے کی کوشش کی لیکن انہوں نے جواب دینے سے گریز کیا۔

یہ واضح نہیں ہے کہ ان 3,800 افراد کو کس بنیاد پر گرفتار کیا گیا۔ تاہم بھارتی اہل کاروں کا کہنا ہے کہ ان میں سے کچھ لوگوں کو پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت پکڑا گیا۔ اس قانون کے تحت جموں اور کشمیر میں کسی بھی شخص کو کوئی وجہ بتائے بغیر دو سال تک قید میں رکھا جا سکتا ہے۔

سرکاری اعدا و شمار کے مطابق گرفتار ہونے والوں میں ریاست کے دو سابق وزرائے اعلیٰ سمیت 200 سیاست دان اور علیحدگی پسند حریت کانفرنس سے وابستہ جماعتوں کے 100 لیڈر اور کارکن شامل ہیں۔

گرفتار ہونے والے 3,800 افراد میں سے بیشتر کو ’’پتھراؤ کرنے والے اور تخریب کار ‘‘ قرار دے کر حراست میں لیا گیا۔

پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ اتوار کے روز زیر حراست 85 افراد کو شمالی بھارت کے شہر آگرہ کی جیل میں منتقل کر دیا گیا۔

انسانی حقوق کی تنظیم ’’ایمنسٹی انٹرنیشنل‘‘ کا کہنا ہے کہ جموں اور کشمیر میں سخت پابندیاں عائد کرنے کے اقدام کی حالیہ تاریخ میں کوئی نظیر نہیں ملتی اور اس اقدام سے علاقے کے لوگوں میں خوف و ہراس کی فضا شدید تر ہو گئی ہے۔

ایمنسٹی انٹرنیشنل بھارت کے سربراہ آکار پٹیل کا کہنا ہے کہ مواصلاتی رابطے منقطع کرنے، کرفیو کے نفاذ اور سیاسی رہنماؤں کی گرفتاریوں سے صورت حال انتہائی خراب ہو گئی ہے۔

بھارت کا کہنا ہے کہ یہ گرفتاریاں امن و امان برقرار رکھنے اور تشدد کو روکنے کے لئے ضروری تھیں اور ان کی وجہ سے علاقے میں ہونے والی ہلاکتیں ماضی کے مقابلے میں بہت کم رہی ہیں۔

حکومت کا دعویٰ ہے کہ اب تک صرف ایک شخص کے ہلاک ہونے کی تصدیق ہوئی ہے جب کہ 2016 میں برہان وانی کی ہلاکت کے بعد کے احتجاجی مظاہروں میں ہلاکتوں کی تعداد کئی درجن تھی۔

بھارت کے قومی سلامتی کے مشیر اجیت دوول کا کہنا ہے کہ’’ زندہ رہنے کا حق سب سے اہم انسانی حق ہے۔‘‘

بھارتی حکومت کے یہ اعداد و شمار وادی کشمیر کے 13 پولیس ڈسٹرکٹس سے متعلق ہیں جو جموں اور کشمیر کا سب سے زیادہ گنجان آباد علاقہ ہے۔

سب سے زیادہ گرفتاریاں وادی کشمیر کے شہر سری نگر میں کی گئیں جن کی تعداد ایک ہزار کے لگ بھگ ہے۔

گرفتار ہونے والے سیاسی رہنماؤں میں سے 80 کا تعلق پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (PDP) سے ہے جس نے بھارتیہ جنتا پارٹی کے ساتھ اتحاد سے جموں اور کشمیر میں حکومت بنائی تھی۔

گرفتار ہونے والے 70 سیاست دان ڈاکٹر عمر عبداللہ کی جماعت نیشنل کانفرنس سے ہیں جب کہ حزب اختلاف کی جماعت کانگریس پارٹی کے بھی ایک درجن سے زائد ارکان گرفتار کیے گئے۔

اس کے علاوہ پولیس نے’’بھارتی تسلط ‘‘ کے خلاف بر سرپیکار عسکریت پسند گروپوں سے تعلق کے شبہے میں بھی 150 افراد کو گرفتار کیا۔

بھارتی اہل کاروں نے رائٹرز کو بتایا ہے کہ 1,200 سے زیادہ افراد اب بھی زیر حراست ہیں جن میں سینئر سیاست دان اور علیحدگی پسند رہنما بھی شامل ہیں جب کہ مزید درجنوں افراد کو ہر روز گرفتار کیا جا رہا ہے۔

رپورٹ مرتب ہونے سے پہلے کے 24 گھنٹوں کے دوران دو درجن سے زائد افراد کو فوجیوں پر پتھر پھینکنے کے شبہے میں گرفتار کیا گیا۔

رپورٹ کے مطابق ان اعداد و شمار میں وہ لوگ شامل نہیں ہیں جنہیں غیر رسمی طور پر ان کے گھروں میں نظر بند رکھا گیا۔

SHARE

LEAVE A REPLY